جیل روڈ پر رانگ پارکنگ کے خلاف مناسب کارروائی نہ کرنے پر2انسپکٹر معطل

تعمیراتی علاقوں انارکلی ،جین مندر اور ملتان روڈ اور دیگر علاقوں کے دورہ کے دوران انسپکٹرز سکند ر حیات اور فخرالزمان کو معطل کر دیا گیا،3وارڈنز کو شوکاز اور 7وارڈنز کو اچھی ڈیوٹی پر نقد انعام اور شاباش دی گئی

بدھ 17 فروری 2016 18:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے ، شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تعمیراتی اور شہر کے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا ۔انہوں نے فرائض میں غفلت،ایف سی پل پررانگ پارکنگ کے خلاف مناسب کارروائی نہ کرنے پر 2انسپکٹرزسکندر حیات اور فخرالزمان کو معطل کرنے ،ڈسپلن کورس کرنے کاحکم دیا جبکہ ڈیوٹی میں لاپرواہی کرنے والے 3 وارڈنز کوشوکاز اور اچھی ڈیوٹی کرنے والے 7وارڈنز کو نقد انعام اور شاباش دی۔

طیب حفیظ چیمہ نے انارکلی،جین مندر،ملتان روڈ کے اورنج لائن ٹرین روٹ کے تعمیراتی علاقوں اور شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت،ٹریفک کی روانی اور قوانین کی پاسداری سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں ،اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔سی ٹی او نے کہا کہ وارڈنز عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر کام کریں،انکی فلاح وبہبود کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔

سٹی ٹریفک پولیس نے پراجیکٹ روٹ پر تین شفٹوں میں وارڈنز تعینات کررکھے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں پرابلم نہ ہوعلاوہ ازیں ڈائیورشن پر تعینات وارڈنز نرمی اور شفقت سے شہریوں کی راہنمائی کریں۔ سی ٹی او نے کہا کہ کہ وارڈنز کا کردار ہمارے معاشرے میں رول ماڈل ہے جو کہ ہر وقت براہ راست شہریوں سے وابستہ رہتے ہیں۔ وارڈنز اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور ہمہ وقت جذبہ خدمت خلق سے سرشار ہوں۔

متعلقہ عنوان :