نیب قومی ادارہ ہے اس کے خلاف بیان بازی وزیراعظم کے شایان شان نہیں‘ خدیجہ فاروقی

بیان بازی سے محسوس ہوتا ہے نیب نے کرپشن پر حکومتی شخصیات کے گردگھیرا تنگ کردیا ہے‘ رکن پنجاب اسمبلی

بدھ 17 فروری 2016 17:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے وزیراعظم کی جانب سے نیب کے خلاف ہرزہ سرائی پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب قومی ادارہ ہے اس کے خلاف بیان بازی وزیراعظم کے شایان شان نہیں ۔حال ہی میں نیب کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف لاہور میں منعقدہ سیمینار میں حکومتی عہدیداروں نے اس کے کردار اور تعریف میں زمین و آسمان کی قلابیں ملادیں تھیں ۔

(جاری ہے)

لیکن اب نیب کے خلاف بیان بازی سمجھ سے بالا تر ہے۔خدیجہ فاروقی نے کہا ہے کہ نیب کے خلاف بیان بازی سے محسوس ہوتا ہے کہ نیب نے کرپشن پر حکومتی شخصیات کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لینا اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانا نیب کا اولین فرض ہے ،فرض کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں اگر کسی کو نیب کے کردار اور دائرہ اختیار پراعتراض ہے تو اعلیٰ عدالتیں موجود ہیں وہ بیان بازی کی بجائے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے ۔