ورلڈ بینک حکومت پنجاب کو سکلزڈوویلپمنٹ کیلئے 50ملین یو ایس ڈالر قرضہ دے رہا ہے‘ عرفان قیصر شیخ

ورلڈ بینک کے پراجیکٹ سے ٹیوٹا اداروں کوجد ید مشینری و آلات کی فراہمی کی جا رہی ہے جس سے فنی تعلیمی اداروں کی لیبارٹریوں کا معیار مزید بہتر ہوگا‘چیئر پرسن ٹیوٹا کی ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں عالمی بینک کے وفد سے گفتگو

بدھ 17 فروری 2016 17:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) ورلڈ بینک حکومت پنجاب کو سکلزڈوویلپمنٹ کیلئے 50ملین یو ایس ڈالر قرضہ دے رہا ہے،ورلڈ بینک کے پراجیکٹ سے ٹیوٹا اداروں کوجد ید مشینری و آلات کی فراہمی کی جا رہی ہے جس سے فنی تعلیمی اداروں کی لیبارٹریوں کا معیار مزید بہتر ہوگا۔ان خیالات کااظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں عالمی بینک کے وفدایڈیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر امتل قدوس ،شیریزاڈ جے مونامی لطیف، عائشہ خان، روڈمرے، گیرٹ پرٹ اور فہد خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی،سرفراز انواراور دیگرموجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ورلڈ بینک کی بھرپور معاونت سے صوبہ پنجاب میں ٹیوٹا اداروں کی ترقی اور جدید فنی تربیت کی فراہمی کیلئے ری سٹرکچرنگ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ کے تحت لاہور میں انقلابی پروگرام کے کامیاب آغاز کے بعد صوبہ کے دیگرشہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے جاری منصوبے کے حوالے سے ٹیوٹا اب تک کے دئیے گئے ٹارگٹ پورے کر چکا ہے۔ نوجوانوں کوانڈسٹری کی ضرورت کے مطابق بہتر کوالٹی کی فنی تربیت اور یقینی روزگار کی فراہمی کیلئے انڈسٹری پارٹنرشپ پروگرام کا کامیاب آغازکر دیا گیا ہے جو اس پراجیکٹ کا اہم حصہ ہے ۔ان اقدامات سے نہ صرف نوجوانوں کو جدید تربیت کے مواقع میسر ہونگے بلکہ یقینی روزگار ملے گا اور اس طرح نوجوان اپنے خاندان کی معاشی کفالت میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔