موجودہ حکمران محنت کشوں اور کسانوں کا استحصال کرکے قومی اِداروں کی لُوٹ سیل لگانا چاہتے ہیں، قومی اداروں کی نجکاری قوم کے ساتھ کھلا مذاق ہوگا ،حکومت اپنے محاصل کی وصولی کو بہتر بنائے، وہ قومی اِداروں کی نج کاری اور تاجروں پر نئے ٹیکسز لگانے سے گریز کرے

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 17 فروری 2016 17:51

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) مسلم لیگ (ق ) کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران محنت کشوں ، مزدوروں اور کسانوں کا استحصال کرکے قومی اِداروں کی لُوٹ سیل لگانا چاہتی ہے، قومی اداروں کی نجکاری قوم کے ساتھ کھلا مذاق ہوگا ،حکومت اپنے محاصل کی وصولی کو بہتر بنائے اور قومی اِداروں کی نج کاری نہ کرے اور تاجروں پر نئے ٹیکسز لگانے سے گریز کرے ۔

وہ بدھ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ(ق)یوتھ ونگ ضلع اوکاڑہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شریف برادران جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو وہ ہمیشہ مزدوروں ، کسانوں اور محنت کشوں کا استحصال ہی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں بیروزگاری پہلے ہی عروج پر ہے ، لوگ فاقہ کشی سے مجبور ہوکر خودکشیاں کررہے ہیں اور یہ لوگ قومی اِداروں کی نام نہاد نج کاری کرکے اُن کی بندربانٹ کرنا چاہتے ہیں ۔

اِن اِداروں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدوروں کے چولہے ٹھنڈا کرکے اُنہیں بے روزگار کرنا چاہتے ہیں ۔جمہوریت عوام سے چھیننے یا اُن کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ اُنہیں زیادہ سے زیادہ ڈلیور کرنے کا نام ہیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں مگر حکمران اپنی نااہلی اور کوتاہیاں چھپانے کی خاطر پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کو فروخت کرکے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے جس سے ملک کا کوئی فائدہ نہیں ۔

موجودہ حکومت کے غلط مشیر ہی اُسے بند گلی میں دھکیل رہے ہیں ۔ حکمران ایک طرف کشکول توڑنے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف وہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرکے کشکول پکڑے نظر آتے ہیں ۔ گڈگورننس کے نام نہاد نعرے بلند کرکے خود فریبی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ملکی وسائل کو بے رحمی کے ساتھ لوٹا جارہا ہے ، پورے پنجاب کو نظر انداز کرکے سارا ترقیاتی بجٹ رائیونڈاور لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ قومی اداروں کی نیلامی کرنے کی بجائے اُن کی تعمیرنو کا کام کرے اور اِن اداروں میں کام کرنے والے ہزاروں خاندانوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔مسلم لیگ (ق) مزدوروں ، محنت کشوں اور کسانوں کا استحصال ہرگز نہیں ہونے دیگی اور اُن کی بقاء کے لئے قدم بہ قدم ساتھ ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :