پنجاب میں نیب کی کارروائیاں وزیر اعظم کو گوارا نہیں ، قمر الزمان کائرہ

نواز شریف کے ساتھی اب اس کھلے چیلنج کو کوئی اور رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، بیان

بدھ 17 فروری 2016 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما اور سابق وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا نیب سے متعلق بیان ایک کھلا چیلنج ہے کیونکہ نیب حکام نے اپنے 9 فروری کے اجلاس میں پنجاب میں کارروائیاں کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ بات وزیر اعظم کو گوارا نہیں ہے ۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھی اب اس کھلے چیلنج کو کوئی اور رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی مسلسل یہی تو کہتی چلی آ رہی تھی کہ نیب ، رینجرز اور ایف آئی اے سندھ میں انتقامی کارروائیاں کر رہے ہیں اور فیڈریشن کو کلین چٹ دے رکھی ہے اب وزیر اعظم نے عوامی جلسے کے دوران نیب کو چیلنج کیا ہے مخدوم امین فہیم اپنے خلاف مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کر رہے تھے اور سید یوسف رضا گیلانی بھی عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں لیکن ہمیں اب بھی رینجرز کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں ماضی میں چیف جسٹس افتخار چودھری نے اسی طرح پی پی پی حکومت کے خلاف ازخود نوٹس پر کارروائیاں کیں اور کسی نے ہمارے لئے آواز بلند نہیں کی تھی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو چاہئے کہ بتائیں نیب نے کس معصوم آفیسر کے خلاف کارروائی کی ہے وگرنہ مجموعی طور پر بیان نہ دیں ۔