اسرائیلی عدالت نے محمد القیق کی فلسطینی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کردی، العفولہ ہسپتال میں ہی زیر علاج رکھنے کی ہدایت

بدھ 17 فروری 2016 14:28

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) اسرائیلی سپریم کورٹ نے ملٹری پراسیکیوٹرکی ہدایت پرعمل درآمد کرتے ہوئے 85 دنوں سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنیوالے فلسطینی صحافی محمد اسامہ القیق کو فلسطینی ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ القیق کو العفولہ ہسپتال ہی میں زیرعلاج رکھا جائے۔

اسرائیلی سپریم کورٹ کے فیصلے پرفلسطین بھرمیں سخت غم وغصے کی لہردوڑ گئی ہے۔ فلسطینی سیاسی اور عوامی حلقوں نے اسرائیلی سپریم کورٹ کے فیصلے کو محمد القیق کو زبردستی خوراک دینے کی سازش قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کلب برائے اسیران فلسطین کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز اپنی خصوصی سماعت میں محمد القیق کے وکلاء کی جانب سے بھوک ہڑتالی صحافی کو فلسطین کے مغربی کنارے کے وسطی شہررام اللہ منتقل کیے جانے کی درخواست مسترد کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ القیق کا العفولہ اسپتال ہی میں علاج جاری رکھا جائے۔ اسرائیلی عدالت نے فیصلے کے حق میں انوکھی منطق بیان کی اور کہا کہ اگر القیق کو رام اللہ کے ہسپتال منتقل کی جاتا ہے تو یہ اس کی انتظامی حراست کی تجدید ہوگی اور مغربی کنارے کے اسرائیلی فوجی اسے دوبارہ حراست میں لے لینگے۔ عدالت نے ہسپتال انتظامیہ کو بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدی کو معائنے اور اس کے علاج کیلئے زیادہ اختیارات دیتے ہوئے کہا کہ چاہے القیق مانے یا نہ مانیں وہ علاج معالجے کا سلسلہ جاری رکھیں، تاہم عدالت نے ساتھ ہی کہا کہ القیق کو اسرائیل کے اندر بیت المقدس کے المقاصد یا کسی بھی دوسرے ہسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے۔

ادھر اسیر کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ محمد القیق کی ہسپتال میں حالت مزید تشویشناک ہے۔ اس نے صہیونی انٹیلی جنس اداروں کی ہٹ دھرمی کا پوری قوت اور عزم کے ساتھ مقابلہ جاری رکھا ہوا ہے اور تمام ترتکالیف اور ذہنی اور جسمانی دباوٴ کے بھوک ہڑتال جاری ہے۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران کی مندوبہ حنان الخطیب نے کہا ہے کہ القیق کی جسمانی حالت نہایت تشویشناک ہے۔

ان کے دل میں اٹھنے والی دردکی ٹیسیں مزید شدت اختیار کرگئی ہیں۔ بخار کی شدت میں بھی اضافہ ہوچکا ہے اور جسم کے دیگر حصوں میں بھی شدید تکلیف ہے۔اسرائیلی عدالت کی جانب سے فلسطینی صحافی محمد القیق کو فلسطینی ہسپتال منتقل نہ کئے جانے کیخلاف مقبوضہ فلسطین کے 1948 ء کے مقبوضہ علاقوں میں سرگرم اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ راید صلاح نے بھی القیق کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پربھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ محمد القیق کوفلسطینی ہسپتال منتقل نہ کئے جانے کے اسرائیلی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف فلسطین کے شہروں الخلیل، رام اللہ نابلس اور غزہ کی پٹی سمیت کئی دوسرے مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔