ٹیسٹ بیٹسمینوں میں ایڈم ووگز کی ترقی مصباح الحق کے لیئے تنزلی کا باعث بن گئی

بدھ 17 فروری 2016 12:43

ٹیسٹ بیٹسمینوں میں ایڈم ووگز کی ترقی مصباح الحق کے لیئے تنزلی کا باعث ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) ٹیسٹ بیٹسمینوں میں ایڈم ووگز کی ترقی مصباح الحق کیلیے تنزلی کا باعث بن گئی، پاکستانی کپتان ٹاپ10 سے اخراج کے دہانے پر پہنچ گئے جب کہ یونس خان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے ویلنگٹن ٹیسٹ میں 239 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے والے ایڈم ووگز ایک درجہ ترقی سے ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں نویں نمبر پر پہنچ گئے، انھیں جگہ دینے کیلیے مصباح کو ایک قدم پیچھے دسویں پوزیشن پر آنا پڑا، یونس خان بدستور چھٹے درجے پر موجود جب کہ ٹاپ پوزیشن اسٹیون اسمتھ کے پاس ہے۔

ایک درجہ خسارے سے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اب تیسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ قابل ذکر ترقی آسٹریلیا کے پاکستان نڑاد بیٹسمین عثمان خواجہ کی ہوئی جو رواں سیزن رن مشین میں ڈھل چکے ہیں، انھوں نے6 اننگز میں 4 سنچریاں اسکور کیں، کیویز سے پہلے ٹیسٹ میں 140 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت وہ 10 درجے ترقی سے کیریئر بیسٹ 27 ویں نمبر پر پہنچ چکے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے سیزن کا آغاز 65 ویں پوزیشن سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

عثمان خواجہ نے اب تک 14 ٹیسٹ میں 1879 رنز اسکور کیے ہیں، ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں یاسر شاہ تیسرا نمبر سنبھالے ہوئے ہیں۔ٹاپ پر اسٹورٹ براڈ اور دوسرے نمبر پر بھارت کے ایشون موجود ہیں، ڈیل اسٹین کا چوتھا درجہ ہے، ایک درجہ ترقی سے جوش ہیزل ووڈ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، انھیں جگہ دینے کیلیے ٹرینٹ بولٹ کو آٹھویں نمبر پر آنا پڑا۔ ا آل راؤنڈرز میں ایشون سرفہرست ، شکیب دوسرے، براڈ تیسرے، بین اسٹوکس چوتھے اور جنوبی افریقہ کے ورنون فلینڈر پانچویں نمبر پر ہیں۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کو بھارت سے نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن حاصل کرنے کیلیے کیویز کو دوسرے ٹیسٹ میں مات دینا ضروری ہے، بصورت دیگر اسے تیسرے نمبر پر اکتفا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :