توہین عدالت کیس ، آئی جی سندھ اور دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی

بدھ 17 فروری 2016 11:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی ، نئے بینچ کے جج جسٹس صادق حسین بھٹی نے پولیس افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی مولوی اقبال حیدر کی درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا جس کے با عث یہ بینچ بھی ٹوٹ گیا۔ بدھ کے روز سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس منیب اختر اور جسٹس صادق حسین بھٹی پر مشتمل نئی بینچ نے کی۔

سماعت کے موقع پر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر پولیس افسران عدالت میں موجود تھے۔ مولوی اقبال حیدر ایڈوکیٹ نیآئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جانے کی استدعا کی جس پر جسٹس صادق حسین بھٹی نے ریمارکس دئیے کہ آپ اس کیس میں با ر بار کیوں مداخلت کرتے ہیں ، میں یہ کیس نہیں سن سکتا کسی دوسرے بینچ میں لگائی جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس صادق حسین بھٹی نے کیس سننے سے انکار کر دیا جس کے بعد نیا بینچ بھی ٹوٹ گیا۔ بینچ نے سماعت تین مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے مقدمہ دوبارہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ارسال کر دیا۔آئی جی سندھ اور دیگر افسران پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔ گزشتہ سماعت میں پولیس افسران نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد بینچ کے سربراہ جسٹس احمد علی شیخ پر عدم اعتماد کیا تھا اور پولیس افسران نے دوسرا بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی تھی جس پر جسٹس منیب اختر اور جسٹس صادق حسین بھٹی پر مشتمل بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، غلام قادر تھیبو، ڈی آئی جی ساؤتھ جمیل احمد، ایس ایس پی ساؤتھ چوہدری اسد ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ بشیر میمن سمیت دیگر پولیس افسران کے خلاف ذوالفقار مرزا کی انسداد دہشت گردی عدالت اور سندھ ہائی کورٹ آمد کے موقع پر عدالتوں کے گھیراؤ اور تشدد کے معاملے پر توہین عدالت کیس چل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :