میئراستنبول قادر توپباش کا لاہور میں خوشگوار دن‘ شاندار استقبال‘ ظہرانے میں شرکت

ترک مہمان نے اتفاق بس سٹیشن سے آزادی چوک تک میٹروبس پر سفر کرتے ہوئے لاہور کے مختلف مقامات کا مشاہدہ کیا مزاراقبال پر فاتحہ خوانی‘ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے‘ بادشاہی مسجد میں نوافل کی ادائیگی‘ مختلف حصوں کا دورہ پولوگراؤنڈ میں چیمبرآف کامرس کی طرف سے ظہرانہ‘ پاکستان سے تعلق دوستی سے بڑھ کر ہے‘قادرتوپباش کی گفتگو

منگل 16 فروری 2016 22:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء ) میئراستنبول قادرتوپباش نے دورہ لاہور کے دوسرا دن انتہائی مصروف اور خوش گوار گزارا۔ میئراستنبول قادرتوپباش نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے ناشتے پر ملاقات کے بعد ماڈل ٹاؤن اتفاق بس سٹیشن سے میٹروبس پر سوار ہوئے۔ کمشنر‘ ڈی سی او لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایم ڈی میٹروبس اتھارٹی نے معزز مہمان کو میٹروبس پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے اتفاق بس سٹیشن سے آزادی چوک تک سفر کرتے ہوئے لاہور کے مختلف مقامات کا مشاہدہ کیا ا ور دلچسپی کا اظہار کیا۔ آزادی چوک بس سٹاپ سے معزز مہمان بادشاہی مسجد پہنچے۔ صوبائی وزیراوقاف میاں عطا محمد مانیکا نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

قادرتوپباش نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

انہوں نے بادشاہی مسجد میں نوافل بھی ادا کئے۔بادشاہی مسجد کے خطیب عبدالخبیرآزاد نے معزز مہمان کو بادشاہی مسجد کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا۔ بعدازاں ترک مہمان نے تاریخی بادشاہی مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بادشاہی مسجد کے فن تعمیر کو سراہا۔ لاہور چیمبر آف کامرس کی طرف سے ترک مہمان کے اعزاز میں پولوگراؤنڈ میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

پولوگراؤنڈ پہنچنے پر مشیروزیراعلیٰ خواجہ احمدحسان‘ صدر چیمبر آف کامرس محمدارشد اور دیگر عہدیداروں نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ میئراستنبول قادرتوپباش نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں شاندار استقبال کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ پاکستان سے ہمارا تعلق دوستی سے کہیں بڑھ کر ہے۔ میئر استنبول نے بتایا کہ صنعت و تجارت سمیت تمام شعبوں میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مہارتوں کا تبادلہ کریں گے۔

معزز مہمان ایچی سن کالج پہنچے تو پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن‘ صوبائی وزراء‘ ارکان صوبائی اسمبلی‘سیکرٹری لائیوسٹاک اور دیگر افسروں نے شاندار استقبال کیا۔ قادرتوپباش اور ترک وفد کے ارکان کو روایتی بگھیوں میں سوار پنڈال میں لایا گیاتو حاضرین نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔ایچی سن کالج میں نامورنیزہ بازوں نے اپنے فن کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ میئراستنبول قادرتوپباش نے ثقافتی نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :