طاہر القادری کی 65 ویں سالگرہ دنیا بھر میں جوش و خروش سے منائی جائے گی ‘ دہشتگردی کے خلاف 24فروری کو قومی امن سیمینار منعقد کیا جائیگا ‘ اورنج لائن اور میٹرو منصوبوں سے غریبوں کے محلے اجاڑنے والے اپنے محلات ہر گز نہیں بچا سکیں گے

پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید کا اجلاس سے خطاب

منگل 16 فروری 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی 65 ویں سالگرہ کی تقاریب پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوش و خروش سے منائی جائیں گی ۔ڈاکٹر طاہر القادری کی زندگی کا ایک ایک لمحہ ملک و قوم کیلئے وقف ہے ،مصطفوی انقلاب جلد آئے گا ،جس دن غریب کا دامن خوشیوں سے بھر جائے گا ڈاکٹر طاہر القادری کا مقصد پورا ہو جائے گا ،ملک کی جغرفیائی اہمیت پاکستان کو اس خطے کا لیڈر بنا سکتی ہے مگر اس کیلئے کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں سے جان چھڑانا ہو گی ۔

عوامی طاقت سے قیادت کا بحران ختم کرنا ہو گا ،اسی سے پاکستان کے مسائل حل ہونگے ۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک لاہور کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

عارف چودھری،حافظ غلام فرید ،راجہ ندیم،انجینئر ثناء اﷲ ،حاجی اسحق،عبد الخالق ،طارق الطاف اور عطیہ بنین اجلاس میں موجود تھیں ۔میجر (ر) محمد سعید نے کہاکہ آئین پاکستان کو اسکی اصل روح کے ساتھ نافذ کرنا عوامی تحریک کا مشن ہے ،انہوں نے کہاکہ 19فروری کو ڈاکٹر طاہر القادری 65برس کے ہو جائیں گے ۔

اس اہم دن کو علم،تحقیق اور امن کے 65سال کے ٹائٹل کے ساتھ منائیں گے ۔ملک میں قیام امن اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 24فروری کو قومی امن سیمینار منعقد کیا جائے گا ،جس میں ملک کی اہم سیاسی،سماجی،مذہبی شخصیات شرکت کریں گی ،انہوں نے کہاکہ قاتل حکمرانوں کا اقتدار جلد ختم ہونے والا ہے ،عوام گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا دینے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دیں ۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا ،شہدائے ماڈل ٹاؤن کو کبھی نہیں بلا سکتے وہ انقلاب کے پہلے شہید ہیں ان کا خون ہم پر قرض ہے ،سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایک ہی موقف ہے خون کا بدلہ خون دیت نہیں قصاص،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے خاتمے کے بغیر عوام کا مقدرنہیں سنورا جا سکتا ،موجودہ نظام حکومت طاقت ور اشرافیہ کے سیاسی و مالی تحفظات کیلئے ہے ۔

19کروڑ عوام بنیادی حقوق اور حقیقی اقتدار سے محروم ہیں ۔14شہیدوں کا خون پکار رہا ہے کہ وقت کے ہٹلر اور میسو لینی کو خون کے ایک ایک قطرے کا قصاص دینا ہو گا ،معصوم لوگوں کی لاشیں گرا کر یہ اقتدار نہیں بچا سکتے ،انہوں نے کہاکہ اورنج لائن اور میٹرو جیسے عوام دشمن منصوبوں کے ذریعے غریبوں کے محلے اجاڑنے والے اپنے محلات ہر گز نہیں بچا سکیں گے ۔قوم کا سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے ،لٹیروں کو اب بھاگنے نہیں دیں گے ،رائے ونڈ محل سے سیدھے جیل جائیں گے ۔