قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد میں صلح ہوگئی

شاہد آفریدی پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور انکے اہلخانہ کو لے کر دبئی ڈیزرٹ سفاری پہنچ گئے کرکٹ کے ساتھ تفریح بھی ضروری ہے ، وہاب ریاض اور احمد شہزاد کے درمیان صلح کروادی ہے،شاہد آفریدی

منگل 16 فروری 2016 19:50

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد میں ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد میں صلح ہوگئی ہے جس میں ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔شاہد آفریدی پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو لے کر دبئی ڈیزرٹ سفاری پہنچ گئے جہاں کرکٹرز کے ساتھ ان کے اہلخانہ بھی موجود تھے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے ساتھ تفریح بھی ضروری ہے جب کہ وہاب ریاض اور احمد شہزاد کے درمیان جھگڑے پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں دونوں کھلاڑیوں میں میں صلح کروادی ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اورپشاورزلمی کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھ گئے تھے اور ایک دوسرے کو دھکے دینے کے علاوہ دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا جس پرمیچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر وہاب ریاض پر میچ فیس کا 40 فیصد اور احمد شہزاد پر 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم شاہد آفرید ی کے سمجھانے پر دنوں کھلاڑیوں میں صلح ہوگئی ہے اوراحمد شہزاد کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں جھگڑا کوئی بڑی بات نہیں کیونکہ کھیل میں نوک جھونک ہوتی رہتی ہے لہٰذا معاملے کوبڑھانا نہیں چاہیے جب کہ وہاب ریاض کا بھی اس حوالے سے افسوس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ایسا نہیں کرنا چا ہیے۔