صنعتوں کیلئے 3روپے فی یونٹ کی کمی میں فیول ایڈجسٹمنٹ شامل نہیں ہونے چاہئیں ٗ فیصل آباد چیمبر آف کامرس

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 16 فروری 2016 19:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 16 فروری۔2015ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سید ضیاء علمدار حسین نے کہا ہے کہ گررتی ہوئی برآمدات کو سہارا دینے کیلئے صنعتوں کیلئے 3روپے فی یونٹ کی کمی میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز شامل نہیں ہونے چاہئیں ۔ وزارت پانی اور بجلی کی طرف سے جاری ہونے والے ایس آر او پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افراط زر میں کمی ، کم مارک اپ پر سرمائے کی فراہمی سمیت تمام معاشی اعشارئیے بہتر ہونے کے باوجود برآمدات میں کمی پریشان کن ہے، تاہم وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اسکی بڑی وجہ گیس اور بجلی کی غیر حقیقت پسندانہ قیمتیں ہیں، پاکستان میں بجلی اس پورے خطے میں سب سے زیادہ مہنگی ہے جسکی کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں اپنے تجارتی حریف ملکوں کی مصنوعات کا مقابلہ نہیں کر پا رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس نکتہ کو پوری طرح سمجھنے کے بعد بجلی کی قیمت میں فوری طور پر 3روپے کمی کرنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت واضع تھی کہ بجلی کی قیمت میں 3روپے فی یونٹ کی کمی کی جائے مگر وزارت پانی و بجلی اس ہدایت کی روح کو پوری طرح سمجھ نہیں سکی اور اس نے غیر ضروری طور پر فیول ایڈجسمنٹ کو بھی اس میں شامل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسمنٹ چارچزایک الگ چیز ہے جبکہ بجلی کی قیمت الگ۔ انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسمنٹ چارچز گھریلو اورکمرشل سمیت تمام صارفین پر یکساں لاگو ہیں جبکہ بجلی کی قیمت میں 3روپے کی کمی صرف صنعتی اداروں کیلئے کی گئی ہے اسلئے اسکو اس سے الگ رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیول ایڈجسمنٹ چارچز کو اس سے الگ کر دیا جائے تو انڈسٹری کو صرف 92پیسے فی یونٹ فائدہ ملے گا اور اس فرق سے انڈسٹری کی کوئی مدد نہیں ہو گی اور نہ ہی اسکی وجہ سے پیداواری لاگت میں مطلوبہ کمی ہوگی، لہٰذا اس معمولی کمی سے برآمدات کو بھی کوئی سہارا نہیں مل سکے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ایس آر او میں فیول ایڈجسمنٹ چارچز کو نکال کے فوری طور پر ترمیمی ایس آر او جاری کیا جائے تاکہ گرتی ہوئی برآمدات کو حقیقی معنوں میں سہارا دیا جا سکے اور وزیر اعظم کی ہدایت پر اس کی اصل روح کے مطابق صنعتوں کو بجلی 3روپے فی یونٹ کم قیمت پر مل سکے گی۔

متعلقہ عنوان :