مقروض پنجاب کی جانب سے میئر کے استقبال پر کروڑوں روپے کا خرچ خزانے کا ضیاع ہے بلال شیرازی

یہی رقم ہسپتالوں میں مفت ادویات کیلئے فراہم کی جاتی تو مریض علاج کے لیے دربدر نہ پھر رہے ہوتے ، صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

منگل 16 فروری 2016 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے ترکی کے میئر کے لاہور میں استقبال پر کروڑوں روپے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اورنج ٹرین کے لیے اربوں روپے قرض لیکر منصوبہ مکمل کررہی ہے اور اب پھر چین کی طرف سے5ارب روپے قرض لیا جارہا ہے ،حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل قرض نہ لینے اور کشکول توڑنے کے بلند وبانگ دعوے کیے لیکن اقتدار میں آتے ہی قرض در قرض لیکر خوشحال پنجاب کو مقروض پنجاب میں تبدیل کردیا۔

سید بلال شیرازی نے کہا کہ مقروض پنجاب کی جانب سے ترکی کے ایک شہر کے میئر کے استقبال پر کروڑوں روپے کا خرچ پنجاب کے خزانے کا ضیاع ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت سادگی اختیار کرنے کے دعوے تو کرتی ہے لیکن اللے تللوں پر کروڑوں روپے خرچ کردیئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ہیپٹائٹس اور دیگر موذی امراض کے ادویات نہ ہیں بروقت علاج نہ کے باعث مریض موت کے منہ میں جارہے ہیں اگر استقبال کیلئے خرچ کی گئی رقم ہسپتالوں میں مفت ادویات کیلئے فراہم کی جاتی تو مریض علاج کے لیے دربدر نہ پھر رہے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی خراب صورتحال کے باعث عوام آج چوہدری پرویز الہٰی کے دور کو یاد کررہی ہے جس میں ہسپتالوں میں مفت علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب تھیں اور عوام مطمئین زندگی بسر کررہے تھے۔

متعلقہ عنوان :