ڈینگی کی ممکنہ افزائش کی روک تھام کیلئے صوبے بھر کے قبرستانوں میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز

منگل 16 فروری 2016 16:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) سپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سارہ اسلم نے کہا ہے کہ ڈینگی کی ممکنہ افزائش کی روک تھام کیلئے صوبے بھر کے قبرستانوں میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے اوراس ضمن میں پنجاب بھر کے تحصیل میونسپل افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبرستان میانی صاحب میں خصوصی صفائی مہم کا جائزہ لینے کیلئے کئے گئے دورے کے دوران کیا۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بورڈنجیب اسلم، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد زمان وٹو، ٹی ایم اوسمن آباد امیتازاعوان، ایڈمنسٹریٹر شہزاد قریشی ، ایکسیئن زاہد کریم اور سیکریٹری یونین کونسل مزنگ محمد افضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ شاپنگ بیگ، خالی بوتلیں ، پرندوں کے دانے اورپانی کیلئے قبروں پر رکھے گئے برتن اورپختہ قبروں کی چھتیں ڈینگی کی ممکنہ افزائش کے مقامات ہوسکتے ہیں کیونکہ ایسی جگہوں پر پانی جمع ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صفائی پر مامور عملے کو ہدایت کی کہ وہ ایسے تمام مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں اورقبرستان میں کسی مقام پر بھی پانی ذخیرہ نہ ہونے دیں ۔سپیشل سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ قبرستان میانی صاحب میں روزانہ ہزاروں افراداپنے بزرگوں اوررعزیزوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے آتے ہیں اورجنہیں قبرستان میانی صاحب میں صفائی کی مناسبت سے تبدیلی نظر آنی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ قبرستان میانی صاحب رہائشی آبادی کے وسط میں واقع ہے اور قبرستان میں گندگی اورڈینگی کی افزائش کے نتیجے میں ارد گرد کی آبادیوں کے رہائشی بھی متاثر ہوسکتے ہیں اس لئے میانی صاحب قبرستان میں صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیادپر مانیٹرنگ کریں اورگندگی ٹھکانے لگانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے اضافی شاپنگ بیگ اورکنٹینرزطلب کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :