کوہاٹ سے 3 سال قبل لاپتہ ہونے والے بھارتی شخص کو جاسوسی کے جرم میں 3سال قید کی سزا سنا دی گئی

منگل 16 فروری 2016 16:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) کوہاٹ سے 3 سال قبل لاپتہ ہونے والے بھارتی شخص کو جاسوسی کے جرم میں 3سال قید کی سزا سنا دی گئی۔منگل کو حکام کے مطابق حامد نہال انصاری نامی بھارتی شخص پر کوہاٹ میں فوجی عدالت میں دو روز قبل فرد جرم عائد کر دی گئی، جس کے بعد اسے پشاور کی سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔عدالت نے ملزم کو جاسوسی کے الزام میں 3سال قید کی سزا سنائی تاہم مجرم کو پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت اپیل کا حق بھی حاصل ہے۔

ذرائع کے مطابق مجرم نے اعتراف کیا کہ وہ جاسوسی کیلئے افغانستان سے غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں داخل ہوا تھا، حامد نہال انصاری کے فیس بک پر سات مختلف اکاؤنٹس موجود ہیں جبکہ وہ 30کے قریب ای میل ایڈریسز بھی استعمال کرتا تھا، مجرم کے قبضے سے حساس دستاویزات بھی برآمد کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت دفاع نے پشاور ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ حامد نہال انصاری پاک فوج کی تحویل میں ہے اور اس کے خلاف کورٹ مارشل میں ٹرائل جاری ہے، ان تفصیلات کی فراہمی کے بعد عدالت نے 13جنوری کو حامد نہال انصاری کی والدہ کی جانب سے ان کے بیٹے کی غیر قانونی حراست کے حوالے سے دائر پٹیشن کو خارج کر دیا تھا،حامد نہال انصاری کی عمر 31سال ہے اور مجرم نے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ ممبئی مینجمنٹ کالج میں استاد بھی رہا۔

متعلقہ عنوان :