حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے امن قائم ہوا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

منگل 16 فروری 2016 14:24

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے امن قائم ہوا ہے، صوبے میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے صرف داعش کا نام استعمال کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس میں مسجد، آڈیٹوریم ، پیٹرولیم، قدرتی گیس ، مکینیکل ، الیکٹریکل اور دیگر شعبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کونسل آف کامن انٹرسٹ کا اجلاس ہوگا جس میں وفاق سے سندھ کے حقوق اور مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی کیمپس جیکب آباد، مٹھی، عمر کوٹ میں بھی قائم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے اساتذہ کی تنخواہیں بڑھا کر 40 ہزار روپے تک کر دی ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ہماری بنیاد مضبوط ہوگی تو سندھ ترقی کرے گا سندھ بھر میں 45 ہزار اسکولوں کو فنکشنل کیا گیا ہے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنے پیشے سے وفا کرتے ہوئے تعلیم کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔