ملک کے موجودہ حالات میں اسکاؤٹس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

منگل 16 فروری 2016 14:24

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 فروری۔2016ء) ملک کے موجودہ حالات میں اسکاؤٹس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اسکاؤٹس پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، انہیں اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔ ان خیالات اظہار کا وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ گراؤنڈخیرپور میں پانچویں شہید بینظیر بھٹو اسکاؤٹ ریلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں آرمی چیف ، وفاقی اور سندھ حکومت نے موثر کوششیں کی ہیں، جس سے ملک اور صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اسکاؤٹنگ بڑی اہمیت رکھتی ہے نوجوان نسل کو اسکاؤٹ کی تربیت اور نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ عوام کی خدمت کرنے کے جذبے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، جس سے ان میں جوش اور جذبہ پیدا ہوگا اور وہ معاشرے میں بہتر ی کے لیے اپنا مثبت کردار پیش کرسیکیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سید عابد علی شاہ کو ڈپٹی چیف اسکاؤٹ کمشنر سندھ مقرر ہونے پر مبارکباد دی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں اسکاؤٹنگ کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اور اس گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ اسکاؤٹ ریلی منعقد کی جارہی ہے جو قابل ستائش ہے ۔