تیل کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکاروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف مل سکتا ہے

منگل 16 فروری 2016 14:22

اسلام آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 فروری۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکاروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف مل سکتا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پی آئی اے کے حوالے سے تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی آئی اے کے 18 جہازوں کی ٹکٹنگ اور نشستیں بھی 36 جہازوں کے برابر ہیں، پی آئی اے انتظامیہ ادارے کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیویارک اور پیرس میں پی آئی اے کے ہوٹلوں کے ریونیو بارے بھی آگاہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی املاک کا درست تخمینہ نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارکان قومی اسمبلی کو دیئے جانے والے ٹریول واؤچرز پی آئی اے کے ساتھ ساتھ دیگر نجی ایئرلائنوں کے بھی دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ بند ہونی چاہیے، شہروں میں اغواء برائے تاوان کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ حد تک کمی ہو جائے تو کاشتکاروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف مل سکتا ہے۔ ایران پر پابندیاں ختم ہوگئی ہیں‘ ہمیں اپنے حصے کی گیس پائپ لائن بچھا کر جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کا کہ ہمیں قرضوں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ہماری آمدن کا 47 فیصد حصہ قرضوں کی ادائیگی کی نذر ہو جاتا ہے۔ عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے تو یہ قوم کے لئے انتہائی احسن اقدام ہوگا۔