مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں خونی راستہ اپنا کر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے ‘تصویر کا ایک رخ میاں نواز شریف اور دوسرا آصف علی زرداری کی صورت میں سامنے آ چکا ہے

منگل 16 فروری 2016 13:36

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) تحریک انصاف برطانیہ کے جنرل سیکرٹری زاہد پرویز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں خونی راستہ اپنا کر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے تصویر کا ایک رخ میاں نواز شریف اور دوسرا آصف علی زرداری کی صورت میں سامنے آ چکا ہے ‘بے گناہوں اور معصوموں کے قتل سے خون کی ہولی کھیلنے والے بھارتی افواج کا کردار ادا کر رہے ہیں ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کٹھ پتلی حکومت کی صورت میں معصوم کشمیریوں پر بربریت و ظلم ڈھا رہی ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن مفاہمت کے نام پر آزادکشمیر میں اقتدار کا کھیل کھیل رہی ہے مک مکا کی سیاست نے آزادی کے بیس کیمپ کے تشخص کو بُری طرح پامال کر کے رکھ دیا ہے جھوٹے وعدے اور اعلانات سے آزادکشمیر کے عوام تنگ آکر تحریک انصاف کے جھنڈے تلے متحد ہو چکی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔زاہد پرویز نے کہا کہ پی پی اور مسلم لیگ ن مصنوعی جنگ کر کے آزادکشمیر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی منفی سوچ پر عمل پیراہیں آزاد خطہ کے عوام باشعور اور پڑھے ہیں ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے ہنر سے بخوبی آگاہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی پی کرپٹ جماعتوں اور مک مکا کی سیاست کرنے والوں کا ٹولہ ہے چند دن قبل اس کا اظہار چوہدری نثار احمد نے بھی نادانستہ کر دیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ میاں برادران پی پی کی قیادت کو سڑکوں پر گھیسٹنے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے جھوٹے دعوے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ یہ دونوں مکارانہ کھیل کھیل کر معصوم کارکنان کے بے گناہ خون سے اقتدار کا راستہ حاصل کرنے کی طرف گامزن ہیں ۔