نیب نے خزانے کو 1520ملین کا نقصان پہنچانے کے الزام میں حق باہو شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو کو گرفتار کر لیا

عوام سے 229.553ملین روپے کا فراڈ کرنے پر سٹاک ماسٹر سکیورٹیز کے عبد القیوم چشتی کی بھی گرفتاری

پیر 15 فروری 2016 22:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) نیب لاہور نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو چینی کی فراہمی کے معاہدے میں خزانے کو 1520ملین روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں حق باہو شوگر ملز کے ڈائریکٹر وچیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ اور عوام سے 229.553ملین روپے کا فراڈ کرنے پر سٹاک ماسٹر سکیورٹیز کے عبد القیوم چشتی کو گرفتار کر لیا ،دونوں کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے آج منگل کو نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

نیب لاہورکے ترجمان کے مطابق حق باہو شوگر ملز کے ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو چینی فراہمی کا معاہدہ کیا لیکن رقم وصول کرنے کے باوجود معاہدے کی پاسداری نہ کی ۔ نیب نے وزارت تجارت کی درخواست پر ملزم ریاض قدیر بٹ کو قومی خزانے کو 1520ملین روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ ایک اور کیس میں نیب لاہور نے سٹاک ماسٹر سکیورٹیز کے عبد القیوم چشتی کے خلاف فراڈ کی 623درخواستیں موصول ہونے پر ان کی جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کی۔ نیب کے مطابق ملزم نے شیئر ز ہولڈرز کے علم میں لائے بغیر انہیں فروخت یا دوسری جگہ سرمایہ کاری کر دی۔ دونوں ملزمان کو آج منگل کے روز نیب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :