بجلی کا موجودہ بحران پی پی حکومت کا پیداکردہ ہے۔زعیم قادری

صنعتوں کے پہیے کی بندش اور گھروں میں اندھیرے کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت ہے اپنے دور حکومت میں مالامال ہونے والوں کے منہ سے دوسروں پر مال بنانے کاالزام جچتا نہیں، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں نہ صرف توانائی پراجیکٹس شروع کرائے اور اربوں روپے بھی بچائے،ترجمان پنجاب حکومت

پیر 15 فروری 2016 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی کے رکن و ترجمان پنجاب حکومت سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ بجلی کا موجودہ بحران پی پی حکومت کا پیداکردہ ہے۔ صنعتوں کے پہیے کی بندش اور گھروں میں اندھیرے کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے خورشید شاہ‘ مولابخش چانڈیواور قمرزمان کائرہ کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ناکام حکومت نے عوام کومعاشی طور پر بدحال کر دیا۔

عوام سے روٹی کپڑا اور مکان کی سکت چھین لی گئی۔ بجلی کے بحران کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں رک گئیں۔ مسلم لیگ (ن) نے برسراقتدار آ کر بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں اور ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے متعدد پراجیکٹس شروع کئے۔

(جاری ہے)

سیدزعیم حسین قادری نے کہاکہ پیپلزپارٹی بدانتظامی کی وجہ سے اپنے دورحکومت میں بجلی کی پیداوار کا کوئی پراجیکٹ شروع نہ کر سکی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے لئے صوبہ بھر میں گیس‘ آئل‘ شمسی توانائی اور کوئلے سے چلنے والے متعددمنصوبے شروع کرا ئے۔

قائد اعظم سولرپارک سمیت دیگر پراجیکٹس سے بجلی کی پیداوار شروع بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دور حکومت میں مالامال ہونے والوں کے منہ سے دوسروں پر مال بنانے کاالزام جچتا نہیں۔ زعیم حسین قادری نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں نہ صرف توانائی پراجیکٹس شروع کرائے بلکہ سابقہ حکومت کے برعکس اربوں روپے کی بچت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :