ڈاکٹر عمر سیف کا نام اسلامی ممالک کی 500 انتہائی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل

عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر عطا ء الرحمن کے بعد وہ پاکستان کے پہلے کمپیوٹر سائنسدان ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے

پیر 15 فروری 2016 22:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین اور آئی ٹی یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف(ستارہ امتیاز) کا نام اسلامی ممالک کی 500 انتہائی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر عطا ء الرحمن کے بعد وہ پاکستان کے پہلے کمپیوٹر سائنسدان ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سنٹراردن کے شائع ہونے والے جریدہ ـ’’The 500 Most Influential Muslims‘‘ نے اپنے 2016کے شمارے میں دنیا بھر کے500 بااثرترین مسلمانوں کی فہرست شائع کی ہے جس میں ڈاکٹر عمر سیف کا نام بھی شامل ہے۔ جریدے نے انکا نام شامل کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہـ’’ ڈاکٹر عمر سیف ایک اعزاز یافتہ سائنسدان، انٹر پریونر،موجد اور ٹیکنالوجی کی نامور شخصیت ہیں جنہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جہاں وہ 5ارب روپے مالیت کے منصوبہ ’’آکسیجن ایٹ ایم آئی ٹی‘‘ کی کور کمیٹی کے رکن بھی تھے۔

(جاری ہے)

وہ آئی ٹی یونیورسٹی لاہور کے بانی وائس چانسلر ہیں جہاں انہوں نے پاکستان کے پہلے سٹارٹ اپ انکیو بیٹر ـ’سیف سنٹر آف اِنوویشن‘ کی بنیاد رکھی۔ پاکستان میں ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے قیام کے پیچھے ڈاکٹر عمر سیف کا اہم ترین کردار ہے۔ایم آئی ٹی ٹیک ریویو نے 2011ء میں ڈاکٹر عمر سیف کو دنیا کے 35بہترین کمپیوٹر سائنسدانوں کی فہرست میں شامل کیا جبکہ ورلڈ اکنامک فورم نے انہیں 2010ء میں’ینگ گلوبل لیڈر‘‘ کا خطاب دیا۔

‘‘ ڈاکٹر عمر سیف نے اس عالمی اعزاز کو اﷲ تعالیٰ کی خاص نصرت اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے سر بھی جاتا ہے کیونکہ انہوں نے پنجاب میں ای۔گورننس کو رائج کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا اور ہر مرحلے پر میری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہماری محنت اور کارکردگی کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم نہ صرف عام آدمی کے روزمرہ مسائل حل کر سکتے ہیں بلکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن بھی کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان نے ڈاکٹر عمر سیف کی خدمات کے اعتراف میں انہیں گذشتہ سال قومی سول ایوارڈ’’ستارہء امتیاز ‘‘ عطا کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :