Live Updates

عمران خان ملک کے خلاف سازشیں بند کریں، ماضی میں بھی پاک چین تعلقات متاثر کرنے کی کوشش کی‘ عرفان دولتانہ

وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو پنجاب کی طرف راغب کرنے میں جو کردار ادا کیا وہ کسی سے مخفی نہیں‘ رکن پنجاب اسمبلی کا بیان

پیر 15 فروری 2016 21:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے خلاف سازشیں بند کریں، ماضی میں عمران خان نے پاک چین تعلقات متاثر کرنے کی کوشش کی،پاک چین دوستی کی لازوال داستان سنہری حروف میں لکھی جانے کے قابل ہے،بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیاں بھی اس پر اثر انداز نہیں ہوسکیں بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے اور یہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے، بلاشبہ یہ دوستی پاکستان کا عظیم سفارتی ورثہ ہے جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا جب بھی ذکر آئے گا تو وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مساعی ، محنت اور کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

موجودہ دور معاشی سفارتکاری اور سرمایہ کاری کے حوالے سے جانا جاتاہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے دور حکومت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو پنجاب کی طرف راغب کرنے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں۔

پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔پاکستان میں چین کے تعاون سے ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر کے منصوبوں کے معاہدے ہوئے اور صرف چند ماہ کے دوران ان معاہدوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے اور برق رفتاری سے کام جاری ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات