سب سے زیادہ اقتدار میں رہنے والی (ن)لیگ عوام کو بنیادی انسانی حقوق فراہم نہیں کرسکی‘کرپشن، دہشتگردی اور بیروزگاری کا خاتمہ، فروغ تعلیم کسی بھی عوامی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہوتا ہے

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی مختلف وفود سے گفتگو

پیر 15 فروری 2016 21:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ کرپشن، دہشتگردی اور بیروزگاری کا خاتمہ، فروغ تعلیم کسی بھی عوامی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے ملک پر سب سے زیادہ اقتدار میں رہنے والی جماعت (ن)لیگ عوام کو بنیادی انسانی حقوق بھی فراہم نہ کرسکی۔

وہ پیر کو تحریک انصاف کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ گزشتہ روز پبلک سکریٹریٹ میں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، بوریوالہ ،شیخوپورہ اور ملتان سے آئے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات میں میاں محمودالرشیدنے کہا کہ پنجاب آبادی اور وسائل کے اعتبار سے سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن حکمرانوں کے آمرانہ طرز حکومت نے10کروڑ سے زائد آبادی اور بالخصوص جنوبی پنجاب کو احساس محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا،بجلی، گیس، پٹرولیم سمیت تمام اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور نکل گئی ہیں لیکن حکومت صوبائی وسائل غریب کی بجائے غیر ضروری منصوبوں پر لگا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ جہاں سوا کروڑ بچے سکول نہ جاتے ہوں، ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویہ اور آلات نہ ہوں جہاں غریب کوصحت کی مناسب سہولیات میسر نہ ہوں، جہاں85لاکھ سے زائد پڑھے لکھے نوجوان بیروزگار ہوں، جہاں عوام کو گیس بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہوں ،وہاں میٹرو، اورنج ٹرین نہیں وسائل عوام پر خرچ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن نا اہل حکمرانوں کی ترجیح عوام کو ریلیف نہیں۔ میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنی ترجیحات نہ بدلیں تو فیصلہ کن تحریک چلائیں گے۔

متعلقہ عنوان :