قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ہوئی داعش سے ہے جسکی وجہ سے غریب کا استحصال ہورہاہے ‘ سراج الحق

خیبرپختونخوا کی حکومت کو احتساب کمیشن کے حوالے سے اپنی پوزیشن کلیئر کرنی چاہیے ،الزام لگانے سے کوئی کرپٹ نہیں بن جاتا قوم پاکستان کو کرپشن سے پاک خوشحال ملک دیکھنا چاہتی ہے ،مارچ میں کرپشن فری پاکستان کی تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائیگا‘ امیر جماعت اسلامی

پیر 15 فروری 2016 20:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ہوئی داعش سے ہے جس کی وجہ سے غریب کا بری طرح استحصال ہورہاہے اور اس کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے ،خیبرپختونخوا کی حکومت کو احتساب کمیشن کے حوالے سے اپنی پوزیشن کلیئر کرنی چاہیے ،الزام لگانے سے کوئی کرپٹ نہیں بنتا ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ وہ ہر قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں،حکمرانوں او رپٹواریوں کو آئین میں درج اپنے حقوق سے متعلق شقوں کا تو علم ہے لیکن آئین میں درج عوام کے حقوق،سہولتوں اور ریلیف سے متعلق شقوں بارے معلوم نہیں، قوم پاکستان کو کرپشن سے پاک خوشحال ملک دیکھنا چاہتی ہے ،مارچ میں کرپشن فری پاکستان کی تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا،عوام عزت کی دال روٹی ،کپڑا اور چھت چاہتے ہیں ،حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر غریب کے چہرے پر رونق دیکھنے میں نہیں آتی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا را نہوں نے لاہور میں ٹاؤن شپ مین مارکیٹ کے دورہ کے دوران تاجروں سے ملاقاتوں کے موقع پر بات چیت اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکراﷲ مجاہد ،چوہدری شوکت اور تاجر رہنماوسیم اسلم قریشی بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ان کو تعلیم صحت اور روز گار کی جائز سہولتوں کے لئے کسی کی سفارش یا رشوت دینے کی ضرورت نہ پڑے ۔

کرپشن اور بدیانتی کی وجہ سے بازار سے خالص ادویات کا ملنا بھی مشکل ہے ۔ملک میں اسی لاکھ نوجوان بے روز گار ہیں جن میں سے 60فیصد خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں ،حکومت بتائے کہ ان نوجوانوں کو روز گار دینے کیلئے حکومت نے کیا پالیسی بنائی ہے ۔امراء کے نااہل بیٹے سرکاری محکموں میں اعلیٰ عہدوں پر براجمان جبکہ غریب کا اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹا میرٹ کے قتل عام کی وجہ سے ریڑھی لگانے پر مجبورہے۔

ظلم و جبر اور کرپشن کے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم سے پٹواری تک آئین میں درج اپنے لئے سہولیات کی دفعات پر تو فوری عمل کرتے ہیں لیکن آئین کی جن دفعات میں عوام کے حقوق کی بات ہوتی ہے اسے نظر انداز کردیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو داعش سے ڈرا رہے ہیں مگر خود عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے کیلئے تیار نہیں اور اپنی حفاظت کے لیے بڑے بڑے سکیورٹی فلیٹ رکھے ہوئے ہیں ۔

اصل خطرہ اقتدار کے ایوانوں اور دفاتر میں بیٹھی داعش سے ہے جس کی وجہ سے غریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں۔سب سے بڑی دہشت گردی ہے یہ کہ ملک میں دوائی مہنگی اور موت سستی ہے ۔عام آدمی سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے ۔ حکمران سکولوں کے معصوم بچوں کا تحفظ کرنے کی بجائے انہیں اپنی حفاظت خود کرنے کے مشورے دے ر ہے ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ احتساب میں پسند اور ناپسند کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے ،کرپشن غریب نہیں ہمیشہ صاحب اقتدار اور بااثر لوگ کرتے ہیں ،لیکن احتساب کے ادارے مچھلیوں کو پکڑلیتے ہیں اور مگر مچھوں کو چھوڑ دیتے ہیں اس لئے قوم چاہتی ہے کہ ایک کڑا اور بے رحم احتساب ہو جس میں آج تک پاکستان کا خون چوسنے والی جونکوں کو پکڑ ا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی امانتوں کو ہڑپ کرنے والوں کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں اڈیالہ جیل ہے اور جب تک ایسے لٹیروں اور ڈاکوؤں کو پکڑ کر سلاخوں کے پیچھے بند نہیں کیا جاتا ملک سے کرپشن کا بازار ختم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم مارچ میں کرپشن کے خلاف بہت بڑی تحریک کا آغاز کررہے ہیں ۔ہم ملک کے ہر طبقہ زندگی سے اپیل کرتے ہیں کہ کرپشن کے خلاف تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، یہ پاکستان کو بچانے کی تحریک ہے ،اس تحریک کے مقاصد سیاسی نہیں بلکہ قومی ہیں اور جس طرح تحریک پاکستان میں برصغیر کے مسلمانوں نے عظیم الشان قربانیاں دی تھیں اور اپنے لئے ایک علیحدہ اسلامی مملکت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے اسی طرح آج اس پاکستان کو بچانے کیلئے تحریک کی ضرورت ہے ۔

اس سلسلہ میں 23فروری کو لاہور میں کرپشن فری پاکستان کی تحریک کے خدو خال عوام کے سامنے رکھوں گا ۔انہوں نے کہا کہ اگر لوٹی گئی قومی دولت ملکی بنکوں میں آ جائے تو ہمیں کسی بیرونی قرضے کی ضرورت نہ رہے اور پاکستان حقیقی معنوں میں ایک خوشحال اورآزاد ملک بن جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستا ن کا بچہ بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض ہے اور نااہل حکمرانوں نے قوم کے ہاتھوں میں غلامی کی ہتھکڑیا ں اور پاؤں میں زنجیریں ڈال دی ہیں ۔ کرپٹ اور بدیانت لوگوں سے آزادی کے لئے قوم کو ایک بڑی تحریک کیلئے اٹھنا چاہئے ۔