راولپنڈی، غیر متعلقہ ڈیوٹی کے دوران آفس بوائے کی ہلاکت

پیر 15 فروری 2016 16:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 فروری۔2016ء) پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے چکلالہ ایکسچینج کے آفس بوائے سے لی جانے والی غیر متعلقہ ڈیوٹی کے دوران اسکی موت کے بعد امداد کرنے کے بجائے جڑواں شہروں کے سٹاف کو ایک دن کی تنخواہ ملازم کے اہل خانہ کو عطیہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ محمد شفیع کو متبادل پاور سپلائی بحال کرنے کیلئے گھر سے بلوا کر اضافی ڈیوٹی دی گئی تھی۔

جہاں جنریٹر کے دھوہیں کے باعث دم گھٹنے سے اس کی موت واقع ہوئی۔ زرائع کے مطابق پی ٹی سی ایل چکلالہ ایکسچینج میں گزشتہ دنوں رات گئے ہونے والی بارش میں پاور پلانٹ غیر فعال ہوگیا تھا۔ عملہ کی کمی کے باعث متعلقہ شعبے کے منیجر منصور پاشا نے محمد شفیع کو بلوا کر پاور سپلائی جنریٹر چلا کر بحال کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

آپٹیکل فائبر یونٹ سڑک کنارے ہونے کی وجہ سے محکمہ کی سوزوکی کے اندر جنریٹر لگایا گیا۔

جبکہ ڈرائیور سمیت آفس بوائے بھی دیکھ بحال کیلئے گاڑی میں ہی بیٹھ گئے۔ جہاں دھواں بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے محمد شفیع جابحق ہوگیا تھا۔ جبکہ ڈرائیور کو ریسکیو اہلکاروں نے بروقت طبی امداد دیکر بچا لیا تھا۔ پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے تاحال متوفی ملازم کے بقایا جات ادا کرنے کے بجائے جڑواں شہروں کے پی ٹی سی ایل ملازمین کو ای میل کے زریعے ہدایت جاری کر دی کہ وہ اپنے ایک دن کی تنخواہ غریب ملازم کے اہل خانہ کی کفالت کیلئے عطیہ کریں۔

متعلقہ عنوان :