سعودی عرب میں تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع ، پاکستان سمیت 20 ممالک شریک

پیر 15 فروری 2016 15:59

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) سعودی عرب میں تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع ہوگئیں جس میں پاکستان سمیت 20 ممالک شریک ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق "شمال کی گرج" کے نام سیسعودی عرب میں تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقیں مملکت کے شمالی شہر حفر الباطن کے کنگ خالد ملٹری سٹی میں شروع ہوگئی ہیں۔شمال کی گرج" ملکوں کی تعداد کے لحاظ سے یہ سب سے بڑی فوجی مشقیں شمار کی جا رہی ہیں جس میں 20 عرب اور برادر اسلامی ممالک کے علاوہ خلیج کے چھ ممالک کی مشترکہ فوج بھی شریک ہیں۔

سعودی سرکاری نیوز ایجنسی (ایس پی اے ) کے مطابق مشقوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن، بحرین، سینیگال، سوڈان، کویت، مالدیپ، مراکش، پاکستان، چاڈ، تیونس، جیبوتی، کوموروس،سلطنت عمان، قطر، ملائیشیا، مصر، موریتانیا اور ماریشس شریک ہیں۔

(جاری ہے)

۔"شمال کی گرج" کے نام سے ہونے والی یہ مشقیں شریک ممالک کی تعداد اور مختلف اقسام کے فوجی ساز وسامان کے علاوہ جدید ترین ہتھیاروں اور اسلحے کے لحاظ سے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی مشق ہے۔

مشقوں میں 20 ممالک کے جدید ترین جنگی طیاروں، توپوں، ٹینکوں، فوجی دستوں، طیارہ شکن نظام، بحری افواج کی وسیع پیمانے پر شرکت صلاحیتوں کے اس حجم اور اعلی درجے کی عکاس ہے جو یہ ممالک رکھتے ہیں۔یہ مشق اس بات کا بھی واضح پیغام ہے کہ سعودی عرب اور اس کے شریک دوست اور برادر ممالک تمام تر چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور خطے کا امن واستحکام برقرار رکھنے کے لیے ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔

ساتھ ہی یہ ان متعدد مقاصد کو بھی باور کرا رہی ہے جو خطے اور پوری دنیا کے امن کے لیے مکمل تیاری کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔تجزیہ کاروں کے خیال میں شمال کی گرج مشق اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ شریک ممالک کی قیادت خطے میں امن کے تحفظ اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کے ویژن سے مکمل اتفاق رکھتی ہے۔