جاموٹ قومی موومنٹ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے صوبے کو دو وقومی کہلانے کو مسترد کردیا

اتوار 14 فروری 2016 17:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 فروری۔2016ء) جاموٹ قومی موومنٹ کے بھاگ کے رہنماٹکاخان جاموٹ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے صوبے کو دو وقومی کہلانے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سندھی جاموٹ قوم صدیوں سے آباد ہے جہاں کلہوڑا قوم نے سو سالوں تک حکمرانی بھی کی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا بحیثیت قبائلی نواب اور وزیر اعلیٰ کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کے مذکورہ موقف سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ ایسی باتیں تاریخ کو مسخ کرکے زمینی حقائق کو بدلنے کے مترادف ہیں انہوں نے کہا کہ سندھی جاموٹ قوم کی اپنی تاریخ اور شناخت ہے جو مضبوط طاقت اور کثیر تعداد کی حامل ہے اس لیئے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ صوبے کی تمام اقوام کے وجود اور حیثیت کو سمجھیں تاکہ کسی کو غلط فہمی باقی نہ رہے انہوں نے مزیدکہا کہ جاموٹ قومی موومنٹ بلوچستان میں آباد بلوچ، پشتون، ہزارہ، سندھی ، پنجابی اور دیگر اقوام سمیت غیر مسلم اقلیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ ہم سب اس صوبے کی پہچان اور خوبصورتی ہیں جہاں صدیوں سے بھائی چارے کے تحت زندگی گزار رہے ہیں اس لیئے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی معلومات کو وسعت دے کر بلوچستان کو صرف کوئٹہ نہ سمجھیں۔

متعلقہ عنوان :