آئی جی سندھ چوری ڈکیتی کی وارداتوں کے سدباب پر توجہ دیں، سلیم خاں قادری

پلوں ،انڈربائی پاسزاور مین شاہراہوں پر مسلح چوراچکے دن دہاڑے شہریوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کررہے ہیں

اتوار 14 فروری 2016 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارکے چیئرمین اور قومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نے قانون نافذکرنے والے تمام اداروں باالخصوص آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اہلسنّت حنفی بریلوی آبادیوں میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمزاور گھروں اور دکانوں میں چوری وڈکیتی کی وارداتوں کے سدباب پر بھرپورتوجہ دیں۔

وہ اپنے دفتر لیاقت آباد میں سمیع الدین کی قیادت میں آنے والے شہریوں کے ایک بڑے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر میلادالائنس کے اراکین جے یوپی کے محمدشکیل قاسمی، اے این آئی کے عبدالوحید یونس، امن کمیٹی لیاقت آباد ٹاؤن کے چیئرمین ناصرحسین خاں، پاکستان اسلامک فورم کے حاجی مرزامحمدمبین بیگ، سماجی کارکن فیضان شہزاد، انجمن عاشقان مدینہ کے محمدرفیق قادری، محمدانیس ساربان،سید شبیر احمد،ملک محمدرشید،شیخ عبدالغفار، قاری شہریارقادری ودیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

محمدسمیع الدین نے بتایاکہ لیاقت آباد، ناظم آباد، بورڈآفس اورناگن چورنگی کے پلوں ،انڈربائی پاسزاور مین شاہراہوں پر مسلح چوراچکے دن دہاڑے شہریوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کررہے ہیں،جبکہ مین بازاروں اور گلی کوچوں کی دکانوں کے تالے توڑکر سامان چوری ہونااب روزکا معمول ہوگیاہے۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاہے کہ رینجرزاور پولیس پوری یکسوئی سے دہشتگردی کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوزکئے ہوئے ہیں جس کی وجہ اسٹریٹ کرائمز میں تیزی آگئی ہے، لیکن توجہ طلب بات یہ ہے کہ یہ کرائم کی وارداتیں صرف اہلسنّت حنفی بریلوی آبادیوں میں ہی کیوں ہورہی ہیں،یو ں محسوس ہوتاہے کہ ملک دشمن قوتوں نے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو پریشان کرنے کے لئے اس قسم کی کارروائیوں کا آغازکیاہے۔

انہوں نے کہاکہ اہلسنّت حنفی بریلوی عوام نے صبروتحمل ،برداشت اور درگزر کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی ہے،کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کو وطن عزیزپاکستان کو بنانے ،مستحکم کرنے اور اس کی تعمیروترقی میں بھرپورحصہ لینے کی سزادی جارہی ہے، لیکن وہ جان لیں ہم گھبرانے والے نہیں ہیں ،ہم وطن عزیز کے لئے اپناسب کچھ قربان کردینے کی روایت کو قائم رکھنے پر ہی یقین رکھتے ہیں اور اس پر فخرکرتے ہیں کہ وطن عزیز کے لئے ہر قربانی کاجذبہ صرف ہمارے اندرہے۔

ملک دشمن قوتیں ہمیں کتناہی نقصان کیوں نہ پہنچائیں، اور سازشی عناصر کوئی بھی حربہ استعمال کرکے ہمیں دیوارسے لگانے کی کوشش کرلے ،ہم وطن عزیزکی حفاظت اور سالمیت سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، ہم اپنے زخموں کو کانتوں سے سینے کو اپنے لئے اعزازسمجھتے ہیں، کیونکہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی تحریک پاکستان کے 20لاکھ سے زائد شہیدوں کے وارث اور امین ہیں ، ہم اہلسنّت حنفی بریلوی اکابرین کی تربیت کے مطابق زندگی گزاررہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ امن اور آشتی کا درس دیااور قانون ہاتھ میں لینے سے ہمیشہ منع فرمایا،ہم امن کے اسی پیغام کو عام کررہے ہیں جو ہمارے اکابرین کا خاصہ رہاہے۔

محمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ آئی جی سندھ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے مطالبے پر غورکریں،کیونکہ گزشتہ دنوں اسٹریٹ کرائمز ،اغواء برائے تاوان سمیت دیگر جرائم میں پولیس افسران اور اہلکاران کے ملوث ہونے کے انکشافات محکمہء پولیس کے لئے بہت سے سوالوں کو جنم دے رہے ہیں،عوام کی طرف سے یہ تاثر قائم ہورہاہے کہ پولیس حکام نے آنکھیں بندکررکھی ہیں،کیونکہ ان جرائم میں ملوث عناصر کے ہاتھ بڑے لمبے ہیں اور ان کی سرپرستی بڑے لوگ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے اراکین عوام اہلسنّت بریلوی کے حقوق حاصل کرنے کے لئے شب وروز جدوجہد کررہے ہیں،اور پوری کوششوں میں مصروف ہیں کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو ان کے جائز حقوق مل جائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نہیں سمجھتے کہ محکمہء پولیس میں تمام لوگ جرائم پیشہ ہیں بلکہ ہم نے خوب اچھی طرح پرکھاہے کہ پولیس میں ولی صفت لوگ بھی موجودہیں،یہی وجہ ہے کہ ہم پولیس کے ساتھ ہرممکنہ تعاون پر یقین رکھتے ہیں،جس طرح ماضی میں کرتے آئے ہیں۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے مطالبہ کیاکہ ہر پولیس اسٹیشن کی حدودمیں علماء کرام، مشائخ عظام، تاجران اور سماجی کارکنان پر مشتمل رابطہ کونسل قائم کی جائے، جس کی نگرانی میں چوکیدارانہ نظام قائم کیاجائے ، پولیس اور قانون نافذکرنے والے دیگر اداروں میں باہمی رابطے کو بہترکیاجائے،امن کمیٹیوں کو فعال کیاجائے، اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتیوں اور چوریوں کی وارداتوں کے متاثرین کی دادرسی کی جائے، اہم شاہراہوں اور گلی محلوں ،بازاروں میں رات کے اوقات میں پولیس گشت لازمی قراردیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر آئی جی سندھ نے میلادالائنس کے مطالبات پر توجہ نہ دی اور عوام اہلسنّت حنفی بریلویوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے خاطرخواہ اقدامات نہ کئے گئے تو عوام اہلسنّت حنفی بریلوی احتجاج کا حق رکھتے ہیں اور مرکزی میلادالائنس پاکستان اپنے احتجاج کے حق کو بروئے کارلاتے ہوئے سراپااحتجاج ہوکر سڑکوں پر بھی آسکتاہے۔محمد سلیم خاں قادری ترابی نے وفد کے اراکین کو ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائمز اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں سے متاثرہ افراد کی فہرست مرتب کریں تاکہ ان کے نقصانات کے ازالے کے لئے جدوجہد کا آغازکیاجائے۔

متعلقہ عنوان :