مالی مشکلات کی بنا پر کوئی طالب علم اپنی تعلیم ادھوری نہیں چھوڑسکے گا،ڈاکٹر زبیر احمد شیخ

محمد علی جناح یونیورسٹی میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تحقیق پر توجہ دی جائے گی، صدر محمد علی جناح یونیورسٹی یونیورسٹی کی جانب سے ہرممکن معاونت کی جائیگی ،تعلیم بغیر کسی دشواری کے مکمل کرے اور ڈگری لے کر ہی جائے، حلف برداری تقریب سے خطاب

اتوار 14 فروری 2016 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم کسی بھی طالب علم کو مالی وسائل کی کمی کی بنا پر اس کی تعلیم ادھوری رہ جانے کی نوبت نہیں آنے دی جائے گی ،یونیورسٹی کی جانب سے اس کی ہرممکن معاونت کی جائے گی تاکہ وہ یہاں اپنی تعلیم بغیر کسی دشواری کے مکمل کرے اور ڈگری لے کر ہی جائے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی کیمپس میں اسٹو ڈینٹس سوسائیٹیز کے عہدہ داروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرانہوں زور دیا کہ اچھے تعلیمی ریکارڈ کے حامل طالب علموں کو اسٹوڈینٹس سو سا ئیٹیز میں صلاحیتوں کے بھر مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ صحتمند غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی درسگاہ کا نام روشن کرسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن طالب علموں کا تعلیمی ریکارڈ بہتر نہیں ہے وہ اپنی خامیوں کو درست کرنے پر توجہ دیں اور اس سلسلے میں یونیورسٹی کے اساتذہ ان کی ہرممکن رہنمائی کرینگے تاکہ وہ بھی نمایاں پوزیشن میں کامیابی حاصل کرسکیں۔انہوں نے طلبہ سوسائیٹیوں میں حصہ لینے والے طالب علموں سے کہا کہ وہ ایک اچھا کام کررہے ہیں کیونکہ وہ معاشرہ کے بہترین افراد ہیں جن سے ہمارے ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے ، اب وقت آگیا ہے ہمیں اپنی افرادی معیشت کی بہتری پر توجہ دینی ہوگی اور یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم دستیاب افرادی وسائل کو کس طرح بہتر طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر زبیر احمد نے کہ کہ اگر ہم بطور ایک قوم ترقی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں معاشرہ میں ہر قسم کی انتہا پسندی سے گریز کرنا ہوگا ، اخلاقی قدروں کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی اور اچھی روایات کو آگے بڑھانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم محمد علی جناح یونیورسٹی میں تحقیق کے شعبہ پر پوری توجہ دینگے اور ان امور پر تحقیق کریں گے جن سے ہمارے ملک کے بنیادی مسائل غربت،مہنگائی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے حل میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں دنیا ایک نئے بزنس ارینا میں داخل ہورہی ہے،ہمیں اپنے مسائل پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ گلو بلائیزیشن کے نتیجے دنیا بھر کے تجارتی ادارے اب آن لائن بزنس کررہے ہیں اس لئے ہم بھی یہاں تعلیم حاصل اکرنے والے طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا تمام جدید انفرا اسٹرکچر فراہم کریں گے اور آئی ٹی کے تمام جدید آلات استعمال کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ بامقصد تعلیم کے فروغ پر مرکوز ہے جس میں طلبہ کے علم میں اضافہ،قابلیت اوران کی تخلیقی صلاحیتیں کو اجاگر کرنے پر پوری توجہ دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹوڈینٹس افئیرز بابر سلیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور سوسائیٹیوں کے عہدہ داروں کے انتخاب کے طریق کار پر روشنی ڈالی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدہ دار بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :