ساؤتھ زون میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے نئے اور جدید خطوط پرحکمت عملی پر عملدارآمد کیا جارہا ہے ، ڈی آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد

اتوار 14 فروری 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) ڈی آئی جی ساؤتھ زون ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ ساؤتھ زون میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے نئے اور جدید خطوط پرحکمت عملی پر عملدارآمد کیا جارہا ہے ، اس سلسلے میں تمام سب ڈویژن پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو ضروری ہدایات دی گئیں جس پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور غفلت برتنے پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، ڈی آئی جی ساؤتھ زون ڈاکٹر جمیل احمد ساؤتھ زون کے تمام شاپنگ ایریا ز ، مارکیٹوں ، تجارتی مراکز کے اندراور اطراف میں کرمنلز پر کڑی نگاہ رکھنے اور بروقت کاروائی کے لیے خفیہ حکمت عملی پر بھی ہنگامی بنیادوں پر عملدآمد کرنے کے لیے احکامات دیئے ہیں جبکہ ساؤتھ زون کی تمام اہم شاہراہوں پر موٹر سائیکل اور موبائل گشت کو موثر بنانے کی بھی ہدایات دی ہیں ڈی آئی جی ساؤتھ زون ڈاکٹرجمیل احمد نے دونوں اضلاع ساؤتھ اور سٹی کے ایس ایس پیز اور ڈویژن ایس پیز کو بھی ہدایت دی ہیں کہ وہ اسٹریٹ کرائم کی بھرپور روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور ایس ایچ اوز کی ورکنگ پر بھی نظر رکھیں ، ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ ساؤتھ زون کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کرکے دم لیں گے ۔