حکومت کالا ڈیم جیسے کثیر ا لمقاصد منصوبے کو عملی جامہ پہنائے،خاکسارتحریک

اس قومی مفاد کے منصوبے کو سیاسی مصلحتوں کی نذر نہیں کرنا چاہیے ،خاکسار نثار خان

اتوار 14 فروری 2016 16:52

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) خاکسار تحریک پاکستان کے نائب امیر انجینئر نثار خان و ڈو یژنل سالار محمد سعید ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کالا ڈیم جیسے کثیر المقاصد منصوبے سے متعلق جائز خدشات دور کر کے اتفاق رائے حاصل کرنے کے لیے زرعی ، آبی و منصوبہ بندی کے شعبوں نیز عوامی نمائندوں پر مشتمل کمشن تشکیل دے تاکہ مذکورہ عظیم منصوبے پر مذید تاخیر کے بغیر تعمیراتی کامکمل ہو اور عوام الناس کو سستی بجلی ، خشک سالی میں آبپاشی کی سہولیات اور سیلاب کے نقصانات سے بچا جا سکے - انہوں نے یہ بات خاکساروں کے ایک اجلاس سے خطاب کے موقع پر کہی - اجلاس میں سالار شہر محمد سلیم ، آغا جاوید صدیقی ،عبید ملک، ثناء اللہ اختر ، خالد شیخ ، ملک خورشید احمد، ممتاز خان ،ڈاکٹر بہار ، امجد قریشی ، شاہد بھٹی ،یاور صدیقی ،خالد محمود ،عرفان اللہ ،منیر الدین بھٹی ،جاویدبٹ، فیصل رشید، پذیر احمد، ندیم کھوکھر لالہ پرویز ودیگر خاکسار بھی موجود تھے - نثار خان نے کہا کہ موسموں کی تبدیلی سے تمام ممالک وارمنگ کے مسلہ سے عہدہ برآء ہونے کے لیے جو تدابیر کر رہے ہیں ان میں پانی کے ذخیروں کی تعمیر سر فہرست ہے اور دریائی پانی کی نعمت عظیم کے میسر آنے کے باوجود ہم اسے مسلسل ضائع کر رہے ہیں اور ڈیموں کی تعمیر سے محفوظ کرنے کی طر ف ضروری توجہ نہیں دے رہے -انہوں نے کہا کہ ہمارا ہمسایہ ملک بھارت ہماری سرزمین پر آنے والے دریاؤں کو ڈیموں کی تعمیر سے کنٹرول کر کے ہماری زرخیز زمینوں کو بنجر بنانے کے منصو بے پر تیزی سے عمل پیرا ہے -انہوں نے کہا کہ اس بات کی اشدضرورت ہے کہ حکومت سندھ تاس منصوبے کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے ساتھ اپنے پانی کے وسائل کو استعمال میں لانے کے لیے بڑے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے اور انہیں علاقائی تعصبات یا سیاسی مصلحتوں کی نذر نہ ہونے دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :