پاکستان سویٹ ہومزمیں فاطمہ ثریا بجیا کی یاد میں منعقدہ تقریب

فاطمہ ثریا بجیا پاکستان کا ایک بہت بڑا سرمایہ تھیں، پاکستان سویٹ ہومز ہیڈ آفس پوری مسلم اُمہ کیلئے ایک مینارہٴ نور کی حیثیت رکھتا ہے، زمرد خان

اتوار 14 فروری 2016 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) پاکستان سویٹ ہومز کی بہت ساری ننھی پریاں کل کی فاطمہ ثریا بجیا ہوں گی۔ فاطمہ ثریا بجیا پاکستان کا بہت بڑا نام تھیں جو آج ہم میں نہیں رہیں۔ وہ پاکستان کا ایک بہت بڑا سرمایہ تھیں جس کا ازالہ شاید ممکن نہ ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار زمرد خان سرپرست ِ اعلیٰ پاکستان سویٹ ہومز نے یہاں فاطمہ ثریا بجیا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس تقریب میں پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں نے فاطمہ ثریا بجیا کی زندگی کے بارے میں تقاریر بھی کیں۔ اس تقریب میں راولپنڈی اسلام آباد کی نامور شخصیات بھی مدعو تھیں جن میں سابق سینیٹر سردار علی خان اور ان کی اہلیہ ،ایم این اے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کی بہن نفیسہ خٹک نے بھی خصوصی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر بچوں نے تمام مہمانوں کے ساتھ مل کر فاطمہ ثریا بجیا کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔

زمرد خان نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز میں 3600یتیم بچے 32سینٹرز میں زیر پرورش ہیں اور میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ اس قافلے میں شامل ہوں تاکہ ہم اُن تمام بچوں تک پہنچ سکیں جو میرے منتظر ہیں۔ پاکستان سویٹ ہومز ہیڈ آفس پوری مسلم اُمہ کے لئے ایک مینارہٴ نور کی حیثیت رکھتا ہے ۔ ان شاء اللہ کل یہاں سے بہت سے بو علی سینا ، البیرونی ، ابن الہیثم اور ابن خلدون نکلیں جو پوری دنیا میں اپنے علم و عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسلام کا پرچم دوبارہ پوری دنیا پر لہرائیں گے۔ ماضی میں یسے بغداد مسلم دنیا کے لئے علم کے گہوارے کی حیثیت رکھتا تھا ان شاء اللہ پاکستان سویٹ ہومزمستقبل میں مسلم دنیا کے لئے وہی حیثیت حاصل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :