جنرل ہسپتال میں پانچ منزلہ سنٹرلی ایئرکنڈیشنڈ توسیعی میگا پراجیکٹ مکمل

سرجیکل، یورالوجی، گائنی اور ہڈی کے 18اسٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹر ایک چھت تلے قائم

اتوار 14 فروری 2016 15:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) جنرل ہسپتال کا ایک اورپانچ منزلہ میگا پراجیکٹ مکمل کر لیا گیا، سٹیٹ آف دی آرٹ فیزIII بلاک میں بنائے جانے والے 18 تھیٹرز میں سے 6 سرجیکل آپریشن تھیٹرز فنکشنل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ12تھیٹرز جلد فعال ہو جائیں گے۔ اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔

اس موقع پرپروفیسر آف سرجری ڈاکٹر افسر علی بھٹی ، ڈاکٹر سکندر حیات گوندل ، ڈاکٹر تنویر انور، ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد سمیت دیگر انتظامی ڈاکٹرز موجود تھے۔ پروفیسر خالدمحمودنے کہا کہ13300مربع فٹ رقبہ پر بنائے جانے والے فیز تھری بلاک کے لئے مجموعی طور پر72کروڑ روپے کی منظوری ہوئی تھی جن میں سے اب تک58کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ 14کروڑ کے مزید طبی آلات جلد نصب ہوں گے۔

(جاری ہے)

پانچ منزلہ مذکورہ سنٹرلی ائیر کنڈیشنڈ عمارت میں 13بستروں پر مشتمل آئی سی یوکے علاوہ 17پرائیویٹ کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔اس عمارت میں سرجیکل، گائنی، یورالوجی اور آرتھوپیڈک کے 18آپریشن تھیٹرز ہیں، جن میں جدید ترین مشینری دستیاب ہے۔ جن میں سے سرجیکل کے چھ تھیٹرز فنکشنل ہو چکے ہیں۔ باقی ماندہ بھی جلدپایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے جبکہ ان سبھی تھیٹرز سے ملحقہ بلاک میں مذکورہ شعبوں کے وارڈز بھی ہیں تاکہ مریضوں کووہاں بآسانی شفٹ کیا جا سکے۔