زراعت میں خواتین کا کردار نمایاں ،صحیح سمت میں رہنمائی کرکے انقلا ب برپا کیاجاسکتا ہے‘ پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ

حکومت کی طرف سے دیہی خواتین کیلئے دو منصوبے شروع کئے گئے ہیں،فائدہ اٹھا نے کیلئے مالی امداد حاصل کریں‘ راشدہ یعقوب شیخ

اتوار 14 فروری 2016 13:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ ٹھیکیدار مافیا کے خاتمے کیلئے صوبہ میں ماڈل مویشی منڈیوں کا جال بچھا رہے ہیں جس کا آغاز شیخوپورہ سے کر دیا گیا ہے ، ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام سے پرچی مافیا کا خاتمہ ہوگا اور مویشی پال افراد کو اپنے جانور کی صحیح قیمت مل سکے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں خواتین میں حکومت کی طرف سے جانور فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، کٹوں کو فربہ کر نے والوں اور انہیں پالنے والو ں کی امداد دینے کے لئے دو منصوبے شروع کردئیے گئے ہیں ،دیہی خواتین ان منصوبوں سے فائدہ اٹھا کر مالی امداد حاصل کریں، لائیو سٹاک اور زراعت کی ترقی کے لئے خواتین زرعی سائنسدان کی کمی ہر سطح پر محسوس کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

زراعت میں خواتین کا کردار نمایاں ہیں اگر ان کی صیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو شعبہ زراعت میں انقلا ب پیدا ہوجائے ۔انہوں نے کہاکہ لائیوسٹاک اور زراعت میں خواتین کے نمایاں کردار سے ملکی معیشت پھولے گی اور دیہات میں رہنے والوں کی تقدیر بدل دے گی ۔ ملک میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک شاندار دور کا آغاز ہو گا ۔لائیو سٹاک اور زراعت باہم منسلک شعبے ہیں ۔ا ن کی ترقی کے لئے سڑکوں کی تعمیر بہت ضروری ہے جس کے لئے 150ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ان سڑکوں کی تعمیر سے زرعی اجناس اور جانوروں کو مارکیٹ تک لانے کے لئے کسانوں کو سہولت دستیاب ہوگی ۔