لاہور چیمبر کا وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ایکسپورٹرز کے لیے زیرو ریٹڈ سیلز ٹیکس کی سہولت کا خیر مقدم

ہفتہ 13 فروری 2016 14:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ایکسپورٹرز کے لیے زیرو ریٹڈ سیلز ٹیکس کی سہولت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی جو طویل عرصہ سے جمود کا شکار ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعظم نے تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرکے مستحسن قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قدم کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور نہ صرف پاکستانی برآمدات تیزی سے بڑھیں گی بلکہ مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد بھی بڑھے گا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے یہ قدم اٹھانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت حقیقی معنوں میں معیشت کو مستحکم کرنے کی خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات سے وابستہ انڈسٹری کے لیے سیلز ٹیکس زیرو کرنے سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی اور پاکستانی برآمدات زیادہ بہتر طریقے سے عالمی منڈی میں دیگر ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کرسکیں گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ نجی شعبہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے درپیش مسائل حل کیے اور سہولیات دئیے بغیر معاشی استحکام کا خواب پورا ہونا ممکن نہیں۔