نسرین جلیل نے وزیر داضلہ کودستی بم دھماکوں پر ایم کیوایم کی تشویش سے آگاہ کیا اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کیلئے اقدامات پر زور دیا

محترمہ نسرین جلیل نے اپواء کالج کی پرنسپل سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں

جمعہ 12 فروری 2016 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی ڈپٹی کنوینر سینیٹر نسرین جلیل نے کراچی میں دو گھنٹوں کے دوران دو تعلیمی اداروں اور ایک تھانے کو دستی بموں سے نشانہ بنانے کے واقعات کے فورا ًبعد صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل احمد سیال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دستی بم حملوں پر ایم کیوایم کی تشویش سے آگاہ کیا ۔

محترمہ نسرین جلیل نے صوبائی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں اس سے قبل بھی تعلیمی اداروں کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت سندھ نے تعلیمی اداروں کے تحٖفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جبکہ یونیورسٹیز ، کالجز اور اسکولوں کو تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومت سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ طلباء ، کاروباری حضرات اور شہریوں کے تحفظ کیلئے صوبائی سطح پر فی الفور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور دہشت گردی جیسے مذموم عزائم رکھنے والے عناصر کو ان کے ناپاک ارادوں سے قبل ہی ناکام بنا یاجائے ۔

اس سے قبل محترمہ نسرین جلیل نے اپواء کالج کی پرنسپل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دستی بم حملے پر اپنی تشویش کااظہار کیا ۔ محترمہ نسرین جلیل نے پرنسپل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی اداروں کے تحفظ کیلئے ایم کیوایم حکومتی سطح پر رابطے میں ہے اور حکومتی وزراء اور اراکین پر طلباء اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض کی احسن طریقے سے ادائیگی کے لئے زور دے رہی ہے ۔انہوں نے پرنسپل سے دستی بم حملے کے واقعہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں اور کالج کو سیکورٹی کی فراہمی کیلئے ہر سطح پر بات چیت کی یقین دہانی کرائی ۔