شاہی سید کی کراچی میں دستی بم حملوں کی شدید مذمت

خوف و ہراس پھیلانے کے لیے دہشت گرد گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں،دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے،اے این پی سندھ کے صدر شاہی سیدکا بیان

جمعہ 12 فروری 2016 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) عوامی نیشنل پار ٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سیدنے کراچی میں پولیس اسٹیشن،گرلز کالج اور اسکول پر ہونے والے دستی بم حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوف و ہراس پھیلانے کے لیے دہشت گرد گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ان واقعات سے اسکول جانے والے لاکھوں بچوں کے والدین میں شدید پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے فورسز کا مورال بلند رکھنا ،دہشت گردی کا خاتمہ ہماری بقاء اور تعلیمی اداروں کا تحفظ ہمارے مستقبل کا سوال ہے ملوث عناصر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل در آمد کرکے ہی دہشت گردی سے نجات ممکن ہے ڈی جی آئی بی کے بیان کے بعداب کس چیز کا انتظار کیا جارہا ہے ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات کے پیچھے مجرمانہ ذہنیت سے آگاہی کیلئے پوری قوم منتظر ہے اور سانحہ اے پی ایس پشاور اور باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے بارے میں بھی ابھی تک جوڈیشل کمیشن قائم نہیں کیا گیا اے این پی کافی عرصے سے چیخ رہی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل درآمد کرنے سے ہی ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جا سکتاہے لیکن وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہر ہ کر رہی ہے،باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ)کے چیئر مین سینیٹر شاہی سید نے مذید کہا ہے کہ اس وقت ہمیں دہشت گردی کے انتہائی سنگین خطرے کا سامنا ہے سیاسی دکان چمکانے کے بجائے دہشت گردی بد ترین خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور مل جل کر قوم کے معماروں کو درندوں کے حملوں سے بچانا ہوگا ۔