ڈپٹی کمشنرکوئٹہ داؤد خان خلجی کی زیر صدارت اجلاس

اسکولوں کی سیکورٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کے لئے متعدد فیصلے کئے گئے

جمعہ 12 فروری 2016 21:56

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) ڈپٹی کمشنرکوئٹہ داؤد خان خلجی کی زیر صدارت کوئٹہ میں تعلیمی اداروں کے حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقدہ ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ،ڈائریکٹر ایجوکیشن سکول /کالجز، ایس ایس پی اسپیشل برانچ کوئٹہ، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ،صدر و جنرل سیکرٹری آل پرائیویٹ اسکولز اسکول ایسوسی ایشن ودیگر آفیسران موجود تھے۔

اجلاس میں کوئٹہ شہر میں اسکولوں کی سیکورٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کے لئے متعدد فیصلے کئے گئے ۔جس کے مطابق تمام سکولوں کی چار دیواری کو 8فٹ تک اونچا اور خار دار تاریں لگائی جائیں گی ۔اس کے علاوہ ہر سکول میں واک تھر و گیٹس اور میٹل ڈاٹیکٹر سے تلاشی کویقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسکولوں میں ایمرجنسی کی صورت میں ایمرجنسی گھنٹی قریبی گھر میں نصب کی جائے تاکہ جلد ازجلد اطلاع دی جاسکے۔

اسکول کے چھت پر ایک سیکورٹی اہلکار تعینات کیا جائے ۔جبکہ اساتذہ ،ملازمین اور طالب علموں کے لئے کارڈز بنوائیں جائے۔تعلیمی سرگرمیوں کے دوران کم از کم سکول میں تین سیکورٹی گارڈز تعینات کئے جائیں تاکہ اساتذہ اور طالب علموں کی حفاظت بہتر طور پر کی جاسکے ۔ تمام اسکولوں کے پاس قریبی تھانہ اور پولیس مدد گار سینٹر کے نمبر ہونے چاہئیں۔