آپریشن برق: کے الیکٹرک نے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا

فٹنس کلب اور فاسٹ فوڈریسٹورنٹ سمیت رہائشی اور تجارتی علاقوں میں 2500کنڈے ختم کر دئیے گئے، ترجمان

جمعہ 12 فروری 2016 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق آپریشن برق کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اب کے الیکٹرک نے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گھیرا مزیدتنگ کر دیا ہے۔ آپریشن برق کے سلسلے میں جن علاقوں میں چھاپے مارے گئے ان میں اورنگی، لیاری، فیڈرل بی ایریا، کلفٹن، بہادرآباد، صدر، گارڈن، گلشن اقبال ، لیاقت آباد، سرجانی اور شمالی کراچی شامل ہیں۔

کے الیکٹرک کی جانب سے پریس کو جاری کردہ بیان کے مطابق ان علاقوں میں چھاپے مار کر تقریباً2,500کنڈے ختم کر کے 642کلو گرام تار قبضہ میں لے لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 1500 کنڈے صرف سرجانی اور شمالی کراچی کے علاقوں میں ختم کیے گئے۔آپریشن برق کی ٹیم کی جانب سے فیڈرل بی ایریا کے علاقے میں مارے گئے چھاپے کے دوران ایک فٹنس کلب بجلی چوری میں ملوث پایا گیا جہاں تقریباً 20Kw لوڈ کنڈو ں کے ذریعے غیر قانونی طور پر استعمال ہو رہا تھا۔

(جاری ہے)

ایک اور چھاپے کے دوران گلشن اقبال میں واقع ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں ملوث پایا گیا۔ اس جگہ 18Kwبجلی کنڈوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر استعمال کی جارہی تھی۔ریسٹورنٹ کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے آپریشن برق کی ٹیم نے غیر قانونی کنکشن ختم کر دیا۔ الحرا سوسائٹی اور آرکیٹکٹ سوسائٹی کے علاقے بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد کنڈوں کے ذریعے بجلی چوری کر رہی تھی۔

مجرموں کو فوراً حراست میں لے لیا گیا اور جرمانے بھی عائد کیے گئے۔آپریشن کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا،’’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ نادہندگان کے خلاف ہمارا آپریشن شفاف اور بلاامتیاز رہے۔ ہمارا مقصد شہر سے بجلی چوری کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے اورجو کوئی بھی اس میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف اس کی حیثیت کا لحاظ کیے بغیر کارروائی کی جائے گی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔‘‘بجلی چوروں اور عادی نادہندگان کے خلاف ان چھاپوں کے علاوہ انٹیگریٹڈ بزنس سینٹر (IBC)، جوہر کی ٹیم نے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا تاکہ بجلی چوری اور اس کے نقصانات کے حوالے سے علاقے کے لوگوں میں آگاہی پید اکی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :