وطن عزیز اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا تھا، تبلیغی جماعت صالحین کی جماعت ہے ، مولانا عبدالواسع اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی

جمعہ 12 فروری 2016 21:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) جمعیت علماء اسلام کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی و اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وطن عزیز اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا تھا۔ ہندؤں سے آزاد مملکت کا مطالبہ اس بنیاد پر تھا کہ مسلمانوں کا ایک الگ وطن ہو جس میں وہ اپنے عقائد کے مطابق زندگی گذار سکیں تبلیغی جماعت صالحین کی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ اسلام کے فروغ کیلئے کام کیا ہے اور اسلامی نظریات کو پھیلانے والی تبلیغی جماعتوں پر پابندی کسی صورت قابل قبول نہیں یہ بات انہوں نے تبلیغی جماعت کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام جانتے ہیں کہ تبلیغی جماعت نے ہمیشہ بھائی چارے اور اصلاح کی بات کی ہے جس میں نہ ہی تشدد کا نعرہ دیکھاگیا اور نہ ہی کسی کو اسلامی نظریات اپنانے کیلئے مجبور کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تو ہمیشہ مخلوق کو آکر دین کی طرف دعوت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں تو تبلیغ کی اجازت ہے مگر وطن عزیز جہان پر مسلمان آباد ہیں ہم نے تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

جمعیت علماء اسلام اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تبلیغی جماعت پر پابندیاں فوری طور پر ہٹا ئیں کیونکہ حکومت کے اس اقدام سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے اور یہ تاثر مل رہا ہے کہ یہاں پر مسلمان کم اور غیر مسلم زیادہ تعداد میں آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کا مقام ہے کہ روشن خیالی کے نام پر کبھی مدارس تو کبھی تبلیغی جماعتوں پر پابندیاں عائد کر دی جاتی ہے جس کا اصل مقصد حکمران اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے کوششیں کرتے ہیں کیونکہ لادین قوتیں اس بات خوفزرہ ہے کہ دراصل اسلام دوست قوتوں کی پاکستان میں موجودگی کی وجہ سے انکو اپنے عزائم کی تکمیل میں روکاٹ بن رہے ہیں۔

پنجاب میں تبلیغی جماعت پر پابندی سیکولرازم کی قانون لاگو کرنے کے مترادف ہے ۔