عوامی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے مٹھی بھر عناصر ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں‘شہبازشریف

میٹروبس پراجیکٹ کی مخالفت کرنیوالے عناصر کو عوام نے عام انتخابات 2013ء کے بعد بلدیاتی الیکشن میں بھی مسترد کردیا ہے 2017ء تک ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی جس سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 12 فروری 2016 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیارکے رحجان کو فروغ دیا ہے اورمنصوبوں میں شفافیت کے اعلی معیار کو برقراررکھ کراربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں، عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے، صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ،وسائل قوم کی امانت سمجھتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کیے جارہے ہیں ،ترقی کی متوازن پالیسی کے تحت پسماندہ علاقوں میں بھی میگاپراجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہاررکن قومی اسمبلی رضاحیات ہراج سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر اورسماجی شعبے میں مکمل کیے گئے بڑے منصوبوں سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاطرۂ امتیازہے۔ عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔

صوبے میں شفافیت،میرٹ اوراچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے۔ملک کی تاریخ میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو شروع کرنے اورانہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے ہماری مخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہورہی ہیں۔انشاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان تمام بحرانوں سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں چین 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت توانائی کے منصوبے چاروں صوبوں میں لگ رہے ہیں جن کی تکمیل سے2017ء تک ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی جس سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔ عوامی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے مٹھی بھر عناصرملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹروبس پراجیکٹ کی مخالفت کرنے والے عناصر کو عوام نے عام انتخابات 2013ء کے بعدبلدیاتی الیکشن میں بھی مسترد کردیا ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان کامنصوبہ اورعوام کیلئے ایک تحفہ ہے ۔پنجاب حکومت شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہچائلڈ لیبرکے مکمل خاتمے کیلئے موثر انداز میں مہم جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے محنت اورعزم سے کام کر رہے ہیں۔

اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی چیکنگ کیلئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو جانفشانی سے کام کر رہی ہیں۔بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کا سکولوں میں سوفیصد داخلہ یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔چائلڈلیبر کے خاتمے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔صوبہ میں بچوں سے جبری مشقت ہر صورت ختم کرائیں گے۔