مسجد اقصیٰ کے امام فلسطینی مفتی اعظم شیخ محمد حسین نے بحریہ ٹاؤن مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی،ملک و قوم کی خوشحالی و ترقی کیلئے دعا

بے گناہ انسانیت کا قتل عام کرنیوالے گروہ کسی دین کے نمائندہ نہیں ،بچوں ، عورتوں ، بوڑھوں کو قتل کرنے والے اسلامی تعلیمات کے نہیں بلکہ دہشت و وحشت پھیلانے والی قوتوں کے اعلیٰ کار ہیں‘مفتی محمد احمد حسین کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 21:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) مسجد اقصیٰ کے امام فلسطینی مفتی اعظم شیخ محمد حسین نے کہاہے کہ امت مسلمہ کی وحدت ہی امت کو مصائب و مشکلات سے نکال سکتی ہے ،بے گناہ انسانیت کا قتل عام کرنے والے گروہ کسی دین کے نمائندہ نہیں ہیں، امت مسلمہ کے نوجوانوں کو ایسے گروہوں اور جماعتوں سے دور رہنا چاہیے جو بے گناہ انسانیت کو قتل کرتے ہوں۔

بچوں ، عورتوں ، بوڑھوں کو قتل کرنے والے اسلامی تعلیمات کے نہیں بلکہ دہشت و وحشت پھیلانے والی قوتوں کے اعلیٰ کار ہیں،داعش جیسی تنظیموں کا مقصد فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کی دعوت پر پاکستان آئے ہوئے مفتی اعظم فلسطین محمد احمد حسین نے لاہور بحریہ ٹاؤن میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کیا۔ مفتی اعظم شیخ محمد حسین نے بحریہ ٹاؤن لاہور کی جامع مسجد میں نماز جمعہ پڑھائی ۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جمعہ کے آخر میں انہوں نے ملک و قوم کی خوشحالی و ترقی کیلئے دعا کی ۔مفتی اعظم فلسطین نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دلوں میں فلسطین کی محبت ہر لمحہ موجود ہے ۔

اسی طرح فلسطینی قوم پاکستانی قوم سے محبت رکھتی ہے اور وہ وقت قریب آنے والا ہے جب فلسطین آزاد ہو گا اور ہم سب مل کر الاقصیٰ میں نوافل ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی قوم کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ فتنہ اور شر پھیلانے والے گروہوں سے دور رہیں اور متحد ہو کر پاکستان کو مضبوط بنائیں کیونکہ پاکستان کا استحکام فلسطین کا استحکام ہے عالم اسلام کا استحکام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب دہشت گرد اور انتہاء پسند بے گناہ پاکستانیوں کو قتل کرتے ہیں اور بچوں کو سکولوں اور کالجوں میں ذبح کیا جاتا ہے ، تو اہل فلسطین کے دل روتے ہیں کیونکہ فلسطینیوں کے بچوں کو بھی اسی طرح دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج عالم اسلام کی عظیم فوج ہے اور پاکستانی فوج نے مشکل حالات میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کر کے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں امن کی فضا میں بہتری آئی ہے ۔

مفتی اعظم فلسطین نے کہا کہ مسلمانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے ۔ انہوں پاکستان علماء کونسل کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان علماء کونسل نے ان کو پاکستان او ر اہل پاکستان سے ملنے کا موقع دیا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفتی اعظم فلسطین کا پاکستان آنا پورے پاکستان کیلئے اعزاز ہے اور مفتی اعظم فلسطین کا انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف واضح مؤقف پاکستان اور اہل پاکستان کیلئے رہنمائی کا سبب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیغام اسلام کانفرنس میں مفتی اعظم فلسطین کی آمد پوری دنیا کیلئے واضح پیغام ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور ہمیں اس پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :