وزیرداخلہ کا ویلنٹائن ڈے پر پابندی عائد کرنا احسن اقدام ہے،مفتی فضل الرحمن ناصر

جمعہ 12 فروری 2016 20:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) جمعیت علماء اسلام ضلع فیصل آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی فضل الرحمن ناصر نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے کے نام پر بے حیائی کے فروغ کی کوشش نظریہ پاکستان کی کھلی مخالفت ہے ہم مسلمان ہیں ہمارا مذہب ہمیں شرم و حیاء کی تعلیم دیتا ہے ۔ اور بے راہ روی اور بے حیائی کا کلچرمغربی تہذیب کا حصہ ہے جو پاکستان کے اثاثی نظریات کے متصادم ہے ۔

مملکت خداداد پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیاگیا۔ اس میں شتر بے محال کی طرح پھیلنے والی مغربی تہذیب کافروغ اس کی بنیادوں پرحملہ جے یو آئی ملک میں بے حیائی پر مبنی مغربی کلچرکو پھیرانے کی بھر پور مذاہمت کرے گی ۔ جامع مسجد عائشہ صدیقہ غلام محمد آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسلام آباد میں ویلن ٹائن ڈے منانے پر پابندی لگا کر ایک مستحسن اقدام کیاہے جس پر ہم نے خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور دوسری صوبائی حکومتیں بھی اس قبیح رسم کے خاتمے کے لیے احکامات جاری کریں ۔ تعلیمی اداروں میں تبلیغی سرگرمیوں پر پابندی لگانے والی پنجاب حکومت شرم و حیاء سے عاری ان سرگرمیوں پر بھی پابندی لگائے انہوں نے ذرائع ابلاغ کے ذمہ داروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس موقع پر بدتمیزی کو فروغ دینے والے مناظر نہ دکھا کر اس کی حوصلہ شکنی کرے۔