بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے‘بدعنوانی سے ترقی اور خوشحالی کا عمل متاثر ہوتا ہے‘ قومی احتساب بیورو عدم برداشت پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گا

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا لاہور علاقائی بیورو کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) قومی احتساب بیورو ( نیب )کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے‘بدعنوانی سے ترقی اور خوشحالی کا عمل متاثر ہوتا ہے‘ قومی احتساب بیورو زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف 2016ء میں بھی بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گا۔

وہ جمعہ کو نیب کے لاہور علاقائی بیورو کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران خطاب کررہے تھے ۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب لاہور علاقائی بیورو کی 2015ء کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ذمہ داری سونپی کی گئی تھی۔۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے 2 1فروری سے 14فروری 2016 کے دوران سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیاگیا تاکہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر نیب لاہور بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد جہاں نیب میں بہت ساری اصلاحات متعارف کرائیں وہیں انہوں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر اور نیب ہیڈ کوارٹر کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا۔ چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم کو نیب کے تمام علاقائی بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے نیب لاہور بیورو کی سال 2015کی کارکردگی کا جائزہ لیاانہوں نے انسپکشن سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی اور نیب لاہور بیورو کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا تاکہ نستقبل میں ان خامیوں پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت یکساں معیار پر نیب لاہور بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اس نظام کے تحت 80 فیصد حاصل کرنے پر کارکردگی شاندار‘ 60 سے 79 فیصد نمبر حاصل کرنے پر بہت اچھی ‘ 40 سے 49 فیصد نمبر حاصل کرنے پر اچھی اور 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے پر کارکردگی اوسط سے کم قرار دی جاتی ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے‘ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے‘بدعنوانی سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے بلکہ اس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

نیب 1999ء میں قائم کیا گیا اور اسے آگہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ نیب قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کے تحت کام کر رہا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پورا پاکستان اس کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ نیب کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہے جبکہ اس کے آٹھ علاقائی بیوروز کراچی‘ لاہور‘ پشاور‘ کوئٹہ‘ سکھر‘ ملتان، گلگت بلتستان اور راولپنڈی میں ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ لاہور بیورو نیب کا اہم بیورو ہے جو کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ نیب لاہور کو 2015ء میں 4874 شکایات موصول ہوئیں جن پر قانون کے مطابق عمل کیا گیا۔ نیب لاہور نے 2015ء کے دوران 312 میں سے 270 شکایات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا ۔ 341 انکوائریوں میں سے 212 کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ211 انوسٹی گیشن میں سے 119 انوسٹی گیشن مکمل کی گئیں۔

نیب لاہور نے 156 بدعنوان افراد کو گرفتار کیا اور بدعنوانی کے 111 ّ ریفرنس عدالتوں میں دائر کئے۔ نیب لاہورنے 2015ء کے دوران بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے1056.653 ملین روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے معیاری گریڈنگ سسٹم کے تحت آپریشنل کارکردگی انڈیکس 89.24 فیصدکی بنیاد پر نیب لاہور بیورو کی کارکردگی کوexcellent/outstanding قرار دیا ہے۔ انہوں نے ڈی جی نیب لاہور بیورو کی قیادت میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا اور نیب کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن ٹیم کے کام کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :