دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے،علی اکبر گجر

جمعہ 12 فروری 2016 20:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ فیصلہ کن موڑ پرپہنچ چکی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام مصلحتوں سے بے نیازہوکر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادئیے جائیں،اس سلسلے میں قائد جمہوریت میاں نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کاویژن اور عزم واضح اور دوٹوک ہے اور دونوں قومی ایجنڈے پر متفق ہیں۔

ملک میں تازہ ترین دہشت گردی کی حالیہ اکادکا وارداتیں شکست خوردہ دہشت گردوں کی طرف سے حوصلے پست کرنے کی آخری ناکام کوششیں ہیں۔اب وہ وقت نکل گیا کہ جب ملک دشمن اور ان کے سہولت کار امن تباہ کرنے کے لئے کھل کھیلا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ دوعشروں تک دہشت گردی کے کاری وارسہنے کے باوجود بھی ہمارے عوام اور موجودہ حکومت کے حوصلے بلند ہیں اور اس جنگ میں فتح تک کوئی بھی چین سے نہیں بیٹھے گا۔

(جاری ہے)

کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہیں اور پاکستان کے عوام اور تمام ادارے اس اہم جنگ میں متحد ہیں اور دشمنوں کا آخری حدتک پیچھاکرنے کی قسم کھاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کا تقریباً خاتمہ ہوچکا ہے لیکن پاکستان کے دشمن ممالک دم دباکر بھاگتے دہشت گردوں کو منظم کرنے کے لئے سازشیں کررہے ہیں اور انہیں خفیہ طریقے سے وسائل بھی فراہم کر رہے ہیں ۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت ساری صورت حال پر نظریں رکھے ہوئے ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں اس لئے کسی کو خوش فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ اب پاکستان کی سلامتی کوکسی طرح بھی گزند پہنچا سکیں گے۔الحمدﷲ ملک میں محب وطن جماعت کی حکومت ہے اور ہاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اس لئے عوام اطمینان کے ساتھ ملکی ترقی کے لئے کام جاری رکھیں۔