تعلیمی اداروں پر مسلسل حملے ناقابل برداشت ہیں،درس گاہوں پر حملے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،شہناز الہدیٰ

جمعہ 12 فروری 2016 20:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء)یونائیٹڈ پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے عہدیداران چیئرپرسن شہناز الہدیٰ،سینئر وائس چیئرمین اکرم خان،وائس چیئرمین صدیق ملک ،جنرل سیکریٹری نبی احمد رضوی و دیگر نے گزشتہ روز مختلف تعلیمی اداروں اور پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی پرزور مذامت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناصرف تعلیمی اداروں بلکہ عروس البلاد کراچی سمیت ملک کے ہر شہری کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی دھمکیوں اور سیکورٹی اداروں کے بلند بانگ دعووں کے باوجود پولیس تھانے سمیت تعلیمی اداروں پر کریکر اور بموں سے حملے ،سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

اپسما کے عہدیداران اور ممبران سانحہ پشاور کے بعد سے سیکورٹی اداروں سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور ایسی حکمت عملی مرتب کرنے کی سفارش کرتے رہے ہیں جس سے تعلیمی اداروں کو درپیش سنگین چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سیکورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں لیکن تعلیمی اداروں پر حالیہ حملوں کے بعد سیکورٹی اداروں کو اپنی حکمت عملی مذید بہتر بنانے کی ضرورت ہے خاص طور سے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔