پیر کو حکومت نے ہماری قرارداد کے دوران گڑبڑ کرنے کی کوشش کی تو ہم سخت مزاحمت کریں گے،خواجہ اظہار الحسن

ڈپٹی اسپیکر کا ارکان کے ساتھ رویہ انتہائی تضحیک اور توہین آمیز ہے،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کی خالد احمد اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 12 فروری 2016 18:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پیر کو حکومت نے ہماری قرارداد کے دوران گڑبڑ کرنے کی کوشش کی تو ہم سخت مزاحمت کریں گے۔ڈپٹی اسپیکر کا ارکان کے ساتھ رویہ انتہائی تضحیک اور توہین آمیز ہے ۔سندھ ہائی کورٹ نے خفیہ رائے شماری کو بحال کیا ہے ۔

پیپلزپارٹی اس کو چیلنج کرنے کی کوشش کررہی ہے جو کہ غلط ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی خالدا حمد ،مسلم لیگ (ن) کی رکن سندھ اسمبلی سورتھ تھیبو اور دیگر بھی موجود تھے ۔ایم کیو ایم کے رکن خالد احمد نے کہا کہ ہم نے آج اسمبلی میں دو ترمیمی بل جمع کرائے ہیں جن میں سے ایک لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دوسرا ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے ہے ۔

(جاری ہے)

ان بلوں کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ یہ دونوں ادارے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ماتحت آتے ہیں اور ان کے اختیارات میئر کو دیئے جائیں کیونکہ یہ دونوں ادارے پہلے صوبائی وزیر بلدیات کے پاس تھے اور ہماری دونوں ترامیم آئین کے آرٹیکل 140-Aکے مطابق ہیں ۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کا رویہ ارکان کے ساتھ توہین اور تضحیک آمیز ہوتا ہے حالانکہ وہ ان ہی ممبران کے ساتھ بیٹھتی ہیں لیکن جب وہ اسپیکر کی کرسی پر جاتی ہیں تو ان کا رویہ بدل جاتا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ نہ صرف ڈپٹی اسپیکربلکہ حکومت اور خود وزیراعلیٰ سندھ بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور شاید یہی بوکھلاہٹ کی تھی کہ آج وہ اپنی نشست چھوڑ کر میری نشست پر آکر بیٹھ گئے ۔

شاید اب وہ سمجھتے ہیں کہ اب نشستیں بدلنے کا وقت آگیا ہے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ اب صرف نشستیں ہی نہیں بلکہ نظام تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ پیر کو ایک مرتبہ پھر نشست تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں میں ان کو اپنی نشست پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر اب وہ میری نشست پر بیٹھے تو میں ان کی نشست پر جاکر بیٹھوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے دو بل جمع کرائے ہیں اگر ان بلوں کو بلڈوز کرنے یا میئر کے اختیارات چھیننے کی کوشش کی گئی تو ہم احتجاج کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں ا نہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں اور میئر ،ڈپٹی میئر،چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستوں کے لیے شوآف ہینڈ کی ترمیم کو ختم کردیا ہے اب خفیہ رائے شماری کے ذریعہ یہ کارروائی ہوگی ۔

پیپلزپارٹی سپریم کورٹ میں جانے کی کوشش کررہی ہے ان کا خیال ہے کہ ان کو وہاں سے ریلیف ملے گا ۔ہم عدالتوں سے بھی یہی کہتے ہیں کہ وہ قانون کے مطابق فیصلے کریں جس سے عوام کو فائدہ پہنچے ۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہم عوامی ایشوز پر اپنی بات اورتوجہ دلانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔کل ہمارے لوگوں نے شہر میں جگہ جگہ جمع کچرے کی جانب توجہ دلانے کی کوشش کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جھیل پارک میں چائنہ کٹنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اس میں وہ لوگ ملوث ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر یہاں سے پیسے کمارہے ہیں اور کبھی وہ لندن اور کبھی ہیتھرو ایئرپورٹ پر پکڑے جاتے ہیں ۔لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کو پکڑا جائے ۔نیب کے اختیارات میں کمی کے حوالے سے کسی بل یا قرارداد کے ضمن میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے سے ایوان میں جب بھی کوئی بل یا قرارداد آئے گی تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔