دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم متحد اور پرعزم ہے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

جمعہ 12 فروری 2016 17:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے جنرل سیکریٹری عباس علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوم اس بات سے آگاہ ہے کہ ہماری پاک سر زمین کو نقصان پہنچانے والے کون ہیں اور ملت کا ہر فرد اپنے دشمن کو پہچانتا ہے ۔ یہی اس بات کی وجہ بنی ہے کہ آج دہشتگردوں ، دہشتگردانہ سوچ رکھنے والوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے کیلئے ہماری قوم متحد اور پر عزم ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں آئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، میٹنگ میں کامران حسین ہزارہ، حاجی ناصر علی ، کربلائی رجب ، سید مہدی اور کربلائی عباس سمیت ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوں مزید کہا کہ اس بات سے ہرگز انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کوئٹہ میں بحالی ِ امن کی جد و جہدکے پس پشت اقتصادی راہداری منصوبے کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کو جو اقدامات پہلے اٹھانے چاہئے تھے وہ اقدامات آج اٹھائے جا رہے ہیں، مگر ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی آنکھیں کھل گئی ہیں اور سب دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو گئے ہیں جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ خطے سے جلد از جلد دہشتگردی کا نام و نشان مٹا کر خطے کو پر امن بنایا جائے گا، ہمارا اتحاد، نظم و ضبط اور ہمارا ایمان ہمیں ہماری منزل تک پہنچا دیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حالات پر قابو پانے اور دہشتگردی مٹانے کے اس جنگ میں عسکری قیادت کے کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔آج ہم سب متحد ہیں، اپنے دشمن کو پہچان چکے ہیں اور اپنے وطن سے انکا نام و نشان مٹانے کا یہی بہترین وقت ہے۔ اگر دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں نہیں کی گئی، انہیں اور انکے سہولت کاروں کو سزائیں نہیں دی گئی اور اگر ان کو کھلی چھوٹ دینے سے ملک و قوم کو مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑ ا تو اس کے ذمہ دار ہم خود ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :