کھیلوں سے تفریح کے ساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی نشو ونما ہوتی ہے،ایس پی سٹی میرپور خاص

جمعہ 12 فروری 2016 16:57

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء)کھیلوں سے تفریح کے ساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی نشو ونما ہوتی ہے اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہا ر اے ایس پی سٹی عبداللہ لک نے پولیس گراوٴنڈ میں زیبسٹ اسکو ل و کالج میرپورخاص کی سالانہ اسپورٹس ڈے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں نجی اسکولوں و کالجوں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔

اس مو قع پر ریجنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز عبدالحمید شیخ اور زیبسٹ کالج کے پرنسپل رمیش کمار مالہی نے کہا کہ زیبسٹ کالج نے ہمیشہ معیاری تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے فروغ میں اپنا لوہا منوایا ہے اور آئندہ بھی ایسی غیر نصابی سرگرمیاں جاری رکھی جائینگی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ و طالبات کے درمیان لونگ جمپ، 50،100،200میٹرریس، سائیکل ریس، مٹکا ریس،رسہ کشی،بیلون ریس، سٹنگ بال ریس اور مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے ۔

طلبہ و طالبات کو سامی ہاوٴس، سچل ہاوٴس، شاہ عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر ہاوٴس کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ۔ بعد ازاں مختلف کھیلو ں کے مقابلوں میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی کیٹیگرییز میں میڈل تقسیم کئے گئے جبکہ چیمپئن ٹرافی سچل ہاوٴس نے حاصل کی۔اس موقع پر اساتذہ ، طلبہ و طالبات اور عام لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔